ہمارے اسلاف نے جس منزل کی نشاندہی کی تھی ہم اسے حاصل کر کے رہیں گے، وزیر اطلاعات پیر مظہر شاہ کا یوم الحاق پاکستان پر پیغام

جمعہ 18 جولائی 2025 19:40

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری امیدوں، آرزوؤں اور امنگوں کا مرکز ہے، پاکستان اللہ کا انعام اور کشمیریوں کی منزل ہے۔ قیام پاکستان سے قبل 19 جولائی 1947 کو ریاست جموں وکشمیر کی مسلمہ قیادت نے قرارداد الحاق پاکستان کی صورت میں اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ استوار کر کے کشمیری عوام کی منزل کا تعین کردیا تھا جس کے حصول کیلئے کشمیری عوام سات دھائیوں سے زائد عرصہ سے جدوجہد آزادی میں مصروف عمل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے جس منزل کی نشاندہی کی تھی، ہم اسے حاصل کر کے رہیں گے ، دنیا کی کوئی طاقت کشمیری عوام کو انکی منزل کے حصول سے نہیں روک سکتی۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کا پرامن،عوامی خواہشات کے مطابق حل چاہتے ہیں، بھارتی ظلم و ستم کشمیریوں کے جذبے کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا اور اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھی ہے۔ یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم ریاست جموں و کشمیر کی مکمل آزادی تک کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔