انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چوتھاٹیسٹ میچ 23جولائی سے شروع ہوگا

جمعہ 18 جولائی 2025 20:25

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ 23سے 27جولائی تک ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا،میزبان انگلینڈ کی ٹیم کو مہمان بھارتی ٹیم کے خلاف پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا حصہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 5وکٹوں سے شکست دی تھی ۔

برمنگھم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان بھارتی ٹیم نے جاندار کم بیک کرتے ہوئے میزبان انگلینڈ کی ٹیم کو 336رنز سے شکست دے کر سیریز1-1سے برابر کر دی تھی ،تاہم لندن (لارڈز)میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے ایک مرتبہ پھر بھارتی ٹیم کو 22رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2کی برتری قائم کرلئے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی )کے مطابق مہمان بھارتی ٹیم اپنے دورے کے دوران میزبان انگلینڈٹیم کے خلاف 5ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی جس کے تین میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

5ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کی کرکٹ ٹیم کو بلے باز شبھمن گل لیڈ کریں گے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم کو مایہ ناز آل رائونڈر بین سٹوکس لیڈ کر یں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھاٹیسٹ میچ 23سے 27جولائی تک ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹرمیں کھیلا جائے گاجبکہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 31جولائی سے 4اگست تک کیننگٹن اوول، لندن میں کھیلا جائے گا۔