پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا مصروف ترین سیزن,شیڈول جاری

پی سی بی نے 2025-26کا بین الاقوامی شیڈول جاری کردیا ‘ دو عالمی کپ اور متعدد اہم سیریز شامل

ہفتہ 19 جولائی 2025 13:21

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا مصروف ترین سیزن,شیڈول جاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خواتین کی قومی ٹیم کیلئی2025-26کا بین الاقوامی شیڈول جاری کردیا ہے جس میں دو عالمی کپ اور متعدد اہم سیریز شامل ہیں۔اس مصروف پروگرام کا آغاز اگست میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز سے ہوگا، جبکہ ستمبر میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم لاہور میں جنوبی افریقہ کی مہمان ٹیم کے خلاف تین ون ڈے میچز کھیلیں گی۔

یہ ہوم سیریز اکتوبر میں سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 کی تیاری کا اہم حصہ ہوگی، جہاں پاکستانی ٹیم 2 سے 24 اکتوبر تک سات لیگ میچز کھیلے گی۔سیاسی کشیدگی کی وجہ سے پاکستان کو سری لنکا میں اپنے تمام میچز کھیلنے پڑیں گے، بشمول 29 اکتوبر کو سیمی فائنل اور 2 نومبر کو فائنل (اگر ٹیم کوالیفائی کرتی ہی)۔

(جاری ہے)

پی سی بی کی خواتین کرکٹ کی سربراہ رفیعہ حیدر نے کہا کہ ’’یہ سیزن انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں دو عالمی کپ شامل ہیں۔

ہم نے شیڈول اس طرح ترتیب دیا ہے کہ کھلاڑی بہترین فارم حاصل کرسکیں اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکیں۔‘‘2026 میں انگلینڈ میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے پاکستانی ٹیم فروری 2026 میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی جہاں تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد اپریل سے مئی تک زمبابوے کی ٹیم پاکستان آئے گی جس کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچز ہوں گے۔

ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کی ٹیم مئی-جون 2026 میں آئرلینڈ میں ٹرائی نیشنل ٹی20 سیریز میں حصہ لے گی جس میں میزبان ٹیم اور ویسٹ انڈیز بھی شامل ہوں گی۔پی سی بی نے خواتین انڈر-19 ٹیم کے لیے بھی پروگرام کا اعلان کیا ہے جس میں 15 ستمبر سے 6 اکتوبر تک کراچی میں قومی ٹی20 ٹورنامنٹ کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد بہترین کھلاڑیوں کو تین ہفتے کی اسکل ڈیولپمنٹ کیمپ میں شامل کیا جائے گا جو دسمبر میں بنگلہ دیش کے خلاف پانچ میچز کی ٹی20 سیریز کی تیاری ہوگی۔