ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز‘ پاکستان نے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کو 5 رنز سے شکست دیدی

پاکستان چیمپئنز کے 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 3 وکٹوں پر 155 رنز بناسکی

ہفتہ 19 جولائی 2025 13:21

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز‘ پاکستان نے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کو 5 ..
برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء) پاکستان چیمپئنز نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ چیمپئنز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے دی۔انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ چیمپئنز نے ٹاس جیت کر پاکستان چیمپئنز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے۔

ابتداء میں پاکستان چیمپئنز کو مشکلات کا سامنا رہا، اوپنر شرجیل خان 12 رنز بنا کر چوتھے اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ اگلے اوور میں کامران اکمل بھی 8 رنزپر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد کپتان محمد حفیظ اور عمر امین نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، مگر عمر امین صرف 6 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

(جاری ہے)

مزید 3 وکٹیں جلد گرنے کے باوجود محمد حفیظ نے شاندار اننگز کھیلی اور 34 گیندوں پر 54 رنز بنائے، جن میں 8 چوکے شامل تھے۔

آخری اوور میں عامر یامین نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 13 گیندوں پر 27 رنز بنائے، جن میں 3 چھکے شامل تھے۔پاکستان چیمپئنز کے 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 3 وکٹوں پر 155 رنز بناسکی۔فل مسٹرڈ نے 51 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ای این بیل نے 35 گیندوں پر ناقابل شکست 51 رنز بنائے۔کپتان مورگن بھی 12 گیندوں پر 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے رومان رئیس، عامر یامین اور سہیل تنویر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔