ثنا میرکے بیان پر پی سی بی نے خاموشی توڑ دی

ہفتہ 19 جولائی 2025 13:21

ثنا میرکے بیان پر پی سی بی نے خاموشی توڑ دی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کے بیان پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے خاموشی توڑ دی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان ثنا میر کی حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ پر ردعمل جاری کرتے ہوئے ان کے ریمارکس کو غلط قرار دیتے ہوئے ان سے عوامی بیانات دینے سے پہلے معلومات کی تصدیق کرنے پر زور دیا ہے۔

ثنا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پاکستان کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈومیسٹک 50 اوور کے ٹورنامنٹ کے وقت کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا۔انہوں نے لکھا تھا کہ آپ پاکستان کی مہم کے آغاز سے پہلے گروپ مرحلے سے گزرنے کو مسترد کر رہے ہیں ڈبلیو سی کے بعد قومی چیمپئن شپ کے 50 اوور کا کیا فائدہ ہے جب آپ صرف 3 ون ڈے کھیل رہے ہیں نا اہلی کی تعریف کرنے کے بجائے ملک کی بہتری کے لیے تعمیری تنقید کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی ویمنز ونگ کے ایک سینئر عہدیدار نے واضح کیا کہ قومی خواتین کا ون ڈے ٹورنامنٹ، جو کہ حال ہی میں منظر عام پر آنے والے 2025-26 کے ڈومیسٹک کیلنڈر میں شامل ہے، پاکستان کی خواتین کرکٹرز کے لیے ایک نئے سیزن کا آغاز ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ سابقہ ون ڈے سائیکل، آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا، جو بھارت اور سری لنکا میں ہونے والا ہے۔

آفیشل نے بتایا کہ 7 جولائی سے 2 نومبر 2025 تک قومی خواتین کی ٹیم کو ایک پروگرام سے گزرنا ہے جس میں دو تربیتی کیمپ (کراچی اور لاہور میں)، ایک دورہ ٹی 20 سیریز، ایک ہوم ون ڈے سیریز، اور آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ شامل ہیں جس میں ناک آؤٹ مرحلے سے پہلے سات لیگ میچز شامل ہیں۔پی سی بی نے ثنا میر کے اس دعوے کی بھی تردید کی کہ ڈومیسٹک 50 اوور کا ٹورنامنٹ ون ڈے ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ چلایا جائے گا۔پی سی بی کے عہدیدار نے کہا کہ یہ دعویٰ غلط ہے۔ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 30 ستمبر سے 2 نومبر 2025 تک منعقد ہوگا۔''واضح رہے کہ قومی خواتین ٹیم کا ون ڈے ٹورنامنٹ 10 سے 23 نومبر تک کراچی میں شیڈول ہے جس کی تیاریاں 6 نومبر سے شروع ہوں گی۔