مردان‘ بعد ازمرگ اعضاء عطیہ کرنیوالے نوجوان کے نام سے سڑک اور اسپتال منسوب

مردان کے خاندان نے انسان دوستی اور ایثار کی عظیم مثال قائم کرتے حادثے میں جاں بحق 14 سالہ جواد خان کے اعضاء عطیہ کیے

ہفتہ 19 جولائی 2025 13:52

مردان‘ بعد ازمرگ اعضاء عطیہ کرنیوالے نوجوان کے نام سے سڑک اور اسپتال ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)وزیر اعلیٰ کے پی نے حادثے میں جاں بحق ہونیوالے نوجوان کے اعضاء عطیہ کرنے پر سڑک کی تعمیر اور مقامی اسپتال کو جواد کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کردیا۔مردان کے ایک خاندان نے انسان دوستی اور ایثار کی عظیم مثال قائم کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 14 سالہ جواد خان کے اعضاء عطیہ کیے تھے جو 5 مریضوں میں کامیابی سے ٹرانسپلانٹ کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں بعد ازمرگ انسانی اعضاء عطیہ کرنے والے مردان سے تعلق رکھنے والے خاندان کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت کی کرسی مرحوم جواد کے والد کو سونپی گئی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پی علی امین نے کہا کہ ایسے کار خیر سے نیک کاموں کی ترغیب ہوتی ہے۔وزیراعلیٰ نے مردان میں گاؤں کے لیے سڑک کی تعمیر اور مقامی اسپتال کو جواد کے نام سے منسوب کرنے، تعلیمی نصاب میں شامل کرنے اور مرحوم کے اہل خانہ کو عمرہ پر بھیجنے کا اعلان بھی کیا۔واضح رہے کہ جواد کے خاندان نے اس کا جگر، گردے اور آنکھوں کے پردے 5 مریضوں کو عطیہ کیے تھے۔