لاس اینجلس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے تربیتی مرکز میں دھماکے سے تین افسران ہلاک

شیرف ڈیپارٹمنٹ کے انفورسمنٹ بیورو اور بم سکواڈ کی افسران ایک دستی بم کو ناکارہ بنانے کی کوشش کررہے تھے. رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 19 جولائی 2025 13:04

لاس اینجلس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے تربیتی مرکز میں دھماکے ..
لاس اینجلس(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 جولائی ۔2025 )امریکی ریاست کیلی فورنیا کے مرکزی شہر لاس اینجلس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک تربیتی مرکز میں دھماکے کے نتیجے میں تین افسران ہلاک ہو گئے ہیں دھماکہ بسکالوز سینٹر اکیڈمی ٹریننگ میں ہوا جہاں شیرف ڈیپارٹمنٹ کے خصوصی انفورسمنٹ بیورو اور بم سکواڈ سمیت آتش گیر مواد سے متعلق شعبہ موجود ہے.

(جاری ہے)

دھماکے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہ ہو سکی ہے تاہم لاس اینجلس کاﺅنٹی شیرف رابرٹ لونا نے اسے ایک آئیسولیٹڈ واقعہ قرار دیا ہے اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا امریکی نشریاتی ادارے نے لاس اینجلس کاﺅنٹی شیرف کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکے میں مرنے والے تینوں افسران ماہر اور تجربہ کار تھے، جنہوں نے محکمے میں 19 سے 33 سال تک خدمات انجام دی تھیں.

حکام نے ہلاک ہونے والے افسران کے نام ظاہر نہیں کیے کیونکہ ان کے اہلِ خانہ کو پہلے اطلاع دینا ضروری ہے تینوں افسران شیرف کے آتش گیر مواد سے متعلق شعبے میں تعینات تھے شیرف لونا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ محکمہ کے 1857 میں قیام سے لے کر اب تک کسی ایک واقعے میں سب سے بڑا جانی نقصان ہے. انہوں نے کہا کہ ہمیں ابتدا سے تحقیق کرنی ہوگی کہ کیا ہوا تھا فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) اور الکوحل، تمباکو، آتشیں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کے بیورو تفتیش میں مدد کر رہے ہیں امریکی اٹارنی جنرل پام بانڈی نے اس واقعے کو ہولناک قرار دیا اور کہا کہ وفاقی ایجنٹس جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں اور مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں.

حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ تربیتی مرکز کے خصوصی انفورسمنٹ بیورو کی پارکنگ میں ہوا ” سی بی ایس“ کے مطابق لاس اینجلس کاﺅنٹی شیرف ڈیپارٹمنٹ کے بم سکواڈ کو سانتا مونیکا کے ایک گیراج میں بلایا گیا جہاںایک دستی بم ملا پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ دستی بم ناکارہ بنانے کے لیے تربیتی مرکز لایا گیا جہاں مرنے والے افسران اسے ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے جس دوران وہ پھٹ گیا تربیتی مرکز کے آس پاس کا علاقہ خالی کرا لیا گیا ہے اور اب سیل کر دیا گیا ہے تاکہ تفتیش کار اپنا کام جاری رکھ سکیں.

لاس اینجلس کاﺅنٹی بورڈ آف سپروائزرز کی سربراہ کیتھرین بارجر نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ’صورتحال پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی حالت کے بارے میں جاننے کی کوشش کر رہی ہیں انہوں نے کہا کہ میرا دل افسردہ ہے اور میرے خیالات اس مشکل وقت میں شیرف ڈیپارٹمنٹ کے بہادر مردوں و خواتین کے ساتھ ہیں.