میرٹ کی بالادستی ہو گی تو قابل لوگ آگے آئیں گے‘سردار سلیم حیدر

بطور چانسلر جامعات میں میرٹ اور شفافیت ترجیح ہے‘گورنر پنجاب

ہفتہ 19 جولائی 2025 21:34

میرٹ کی بالادستی ہو گی تو قابل لوگ آگے آئیں گے‘سردار سلیم حیدر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بطور چانسلر جامعات میں میرٹ اور شفافیت ترجیح ہے، میرٹ کی بالادستی ہو گی تو قابل لوگ آگے آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے کیڈٹ کالج حسن ابدال میں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میںگو رنر پنجاب کو ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔

گورنر پنجاب /چانسلرسردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کیڈٹ کالج حسن عبدال اعلیٰ تعلیم درسگاہ ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل طلبا ملکی ترقی کے لیے نمایاں اور گراں قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ادارے کی پہچان نہ صرف تعلیم بلکہ نظم و ضبط اور مثبت کردار سازی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کیڈٹ کالج حسن ابدال میرٹ کی بالادستی کے حوالے سے منفرد شناخت کا حامل ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ جامعات میں میرٹ کی بالادستی ہو گی تو قابل لوگ آگے آئیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جدید چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے بورڈ آف گورنرز میں شامل اراکین کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔اُنہوں نے مزیدکہا کہ ادارے کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اس موقع پر گورنر پنجاب/چانسلر نے کیڈٹ کالج حسن ابدال کی نمایاں کارکردگی پر کالج انتظامیہ اوراراکین بورڈ آف گورنرز کو خراج تحسین پیش کیا۔