’’قرارداد الحاق پاکستان اور ہماری ذمہ داریاں ‘‘ کے زیرعنوان کانفرنس کا انعقاد

ہفتہ 19 جولائی 2025 22:00

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) جموں و کشمیر لبریشن سیل اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام یوم الحاق پاکستان کی مناسبت سے ’’قرارداد الحاق پاکستان اور ہماری ذمہ داریاں ‘‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔کانفرنس میں وزیر لبریشن سیل امتیاز نسیم ،وزیر بحالیات جاوید اقبال بڈھانوی ،ممبر قومی اسمبلی فتح اللہ کاکا خیل ،سینیٹر دنیش کمار،فیض اللہ فراق ترجمان گلگت بلتستان حکومت ، عبداللہ گل ،محمد فاروق رحمانی ،محمود احمد ساغر ،سید فیض نقشبندی ،سید یوسف نسیم ،مشتاق بٹ ،عبدالحمید لون، شمیم شال ، فرزانہ یعقوب ،ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ خان افسر خان ،سردار نجیب الغفور ،راجہ راشد رضا ،سید ضمیر نقوی ،قاری عمر حماد ،خواجہ عمران الحق سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے وزیر لبریشن سیل امتیاز نسیم نے کہا کہ 19 جولائی 1947 تاریخی اہمیت کا حامل دن ہے ، اسی دن کشمیری اکابرین نے بانی صدر سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر قرارداد الحاق پاکستان منظور کی ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی خصوصی ہدایت پر جموں وکشمیر لبریشن سیل اور حریت کانفرنس کے زیر اہتمام پورے آزادکشمیر اور پاکستان میں اس اہم دن کے حوالے سے سیمینار اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔

وزیر حکومت جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ آج 19 جولائی کے دن غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر قرارداد الحاق پاکستان منظور ہوئی وہ کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ، یہ ان کی دانشمندی تھی کہ انہوں نے آنے والے حالات کا ادراک کیا ۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس عزم کا اعادہ ہے کہ الحاق پاکستان ہو کر رہے گا ۔ انہوں نے شہداء کشمیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔

قومی اسمبلی کے رکن فتح اللہ کاکا خیل نے کہا کہ کشمیر و پاکستان کا رشتہ لازم و ملزوم ہے ،بانی پاکستان حضرت قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔ سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ کہ اقلیتوں کی جانب سے تحریک آزادی کشمیر کو بھرپور مدد حاصل رہے گی ،پاکستان میں کسی قسم کی کوئی مذہبی تفریق نہیں ہے ،بھارت میں اقلیتوں کا جینا دوبھر کر دیا جاتا ہے جس کی سرپرستی ریاست کر رہی ہے ،مودی کو میرا پیغام ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر چھوڑ دے کیونکہ کشمیری اسکے ساتھ نہیں رہنا چاہتے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا آج کے دن بانی صدر سردار ابراہیم خان کے گھر پر قرارداد الحاق پاکستان منظور کی گئی ،کشمیری بھارت سے آزادی لے کر رہیں گے۔عبداللہ گل نے کہا کہ آج کی کانفرنس انتہائی اہمیت کی حامل ہے ، پاکستانیت اور کشمیریت کی بنیاد لا الہ الاللہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی سے بھی پہلے کشمیریوں نے سردار محمد ابراہیم خان کی قیادت میں قرارداد الحاق پاکستان منظور کی ،سید علی گیلانی نے جو نعرہ لگایا ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے ،یہ تمام کشمیریوں کے دل کی آواز ہے ۔

انشاءاللہ تحریک آزادی کامیابی سے ہم کنار ہو گی ۔ترجمان گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے کہا کہ آج یوم الحاق پاکستان اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ الحاق ہو کر رہے گا ، ہم استحکام پاکستان کی بات کرتے ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج جو ظلم ڈھا رہی ہے اسکی شدید مذمت کرتے ہیں ،آج کے دن بانی صدر آزادکشمیر سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر قرارداد الحاق پاکستان منظور کی گئی جس کا مقصد پاکستان کا حصہ بننا تھا جس کی بنیاد لا الہ الااللہ ہے ،آج کے دور میں اس قرارداد کی اہمیت بڑھ گئی ہے ، بھارت مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہے جسے روکنے کی ضرورت ہے ۔

محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ اس دن کی جموں و کشمیر کی تاریخ میں بڑی اہمیت ہے ، آج کے دن کشمیریوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے قبل خود کو پاکستان سے منسلک کر دیا تھا ، ہمارے اکابرین نے ہمیں پاکستان کا راستہ دکھا دیا تھا ،گو اس کے لئے جدوجہد طویل ہو گئی ہے مگر وہ دن دور نہیں جب شہداء کشمیر کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور جموں و کشمیر کی ریاست مکمل طور پر پاکستان کا حصہ بنے گی ۔

محمود احمد ساغر نے کہا کہ اس دن کی بڑی اہمیت ہے ، پاکستان 14 اگست کو معرض وجود میں آیا جبکہ کشمیریوں نے 19 جولائی کو اپنا موقف پیش کر دیا ۔ شمیم شال نے کہا کہ آج کے دن کشمیری مسلمانوں نے اپنے مستقبل کو پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا ،آج کا دن بڑی اہمیت کا حامل ہے جس دن بانی صدر سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ میں قرارداد الحاق پاکستان منظور کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان کی محبت میں بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ فرزانہ یعقوب نے کہا کہ آج کا دن بڑی اہمیت کا حامل ہے ،19 جولائی ایک بڑا دن ہے اسی دن کشمیریوں نے پاکستان بننے سے بھی پہلے کشمیریوں نے الحاق پاکستان کا فیصلہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں ،انہوں نے شہداء کشمیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔

مقررین نے قرارداد الحاق پاکستان پر روشنی ڈالی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے ساتھ الحاق تک جموں وکشمیر کے عوام کی تحریک آزادی جاری رہے گی ۔جموں وکشمیر لبریشن سیل کے ڈائریکٹر راجہ خان افسر خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔تقریب کی نظامت کے فرائض سیکرٹری اطلاعات حریت کانفرنس مشتاق بٹ حریت رہنماء عبدالحمید لون اور لبریشن سیل کے انچارج سوشل میڈیا سردار نجیب الغفور نے انجام دئیے ۔