مظفرآباد میں '' یوم الحاق پاکستان'' کی مناسبت سے لبریشن سیل کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد

ہفتہ 19 جولائی 2025 22:11

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) دارالحکومت مظفرآباد میں '' یوم الحاق پاکستان'' کی مناسبت سے جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام خورشید نیشنل لائبریری مظفر آباد کے آڈیٹوریم میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں وزیر حکومت چوہدری محمد رشید، سابق وزیر حکومت رہنما مسلم لیگ نون نورین عارف، کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری گفتار، حریت رہنما مشتاق اسلام، ڈائریکٹر کشمیر لبریشن سیل وکشمیر کلچرل اکیڈمی راجہ محمد سجاد خان، ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ محمد اسلم، میڈیا کوآرڈینیٹر سردار علی شان، ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات محمد بشیر مرزا، سابق صدر انجمن تاجران عبد الرزاق خان، مجاہد نقوی ایڈووکیٹ، صدر مسلم لیگ ن خواتین ونگ مریم کشمیری، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کشمیر اسٹڈیز ڈاکٹر سمیرا شفیق، وکلاء، تاجر اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر حکومت چوہدری محمد رشید، سابق وزیر حکومت نورین عارف و دیگر مقررین نے خطاب کیا، وزیر حکومت چوہدری محمد رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، ہمارے اسلاف نے مستقبل کا تعین قرارداد الحاق پاکستان سے کردیا تھا، 19جولائی 1947 ء کو سری نگر میں جموں وکشمیر کے مسلمانوں نے قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے اپنی قسمت پاکستان سے جوڑ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

آج کے دن کو دنیا بھر کے کشمیری اس عزم کی تجدید کے طور پر مناتے ہیں کہ وہ پوری ریاست جموں و کشمیر کو آزاد کروا کر پاکستان کے ساتھ الحاق کریں گے،الحاق منزل ہے، کشمیریوں اور پاکستان کے درمیان رشتہ کلمہ کی بنیاد پر قائم ہے، انھوں نے کہا کہ بھارت تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لیے بد ترین ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے، ہمیں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کر کے بھارت کی ہر سازش کو بے نقاب کرنا ہوگا، آزادی منزل ہے، بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، سابق وزیر حکومت نورین عارف نے کہا کہ اسلاف کی قربانیوں کو بھولنا نہیں چاہیے، بیس کیمپ کی حکومت کی بنیاد ہی تحریک آزادی کشمیر ہے، آزادی کے لیے ڈوگرہ سامراج کے خلاف اسلاف کی قربانیوں کی ایک طویل فہرست ہے، ہمارے اکابرین کا فیصلہ تھا کہ الحاق پاکستان ہماری منزل ہے اس منزل پر پہنچنے کے لیے نسل نو کو کردار ادا کرنا ہوگا، جدوجہد آزادی کے لیے شہدا کی قربانیوں کو نہیں رائیگاں نہین جانے دیں گے، دنیا بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لے اور بھارت کو جنگی جرائم کی پاداش میں انصاف کے کٹہرے میں لائے، کمشنر مظفر آباد ڈویژن چوہدری گفتار حسین نے کہا کہ آزادی کے لیے قربانیاں دینا حریت پسندوں کا شیوا ہے، پاکستان ہماری منزل ہے، الحاق پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کر کے تکمیل پاکستان کے ایجنڈے کو پائیہ تکمیل تک پہنچائیں گے، بیس کیمپ کی حکومت اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، انھوں نے کہا کہ نوجوان آگے آئیں اور الحاق پاکستان کی اسلاف کی جدوجہد کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کردار ادا کریں، انھوں نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے، نوجوان سوشل میڈیا پر بھارتی جنگی جرائم کو اجاگر کر کے بھارت کو بین الاقوامی منظر نامے پر بے نقاب کریں،میڈیا کوآرڈینیٹر سردار علی شان نے کہا کہ ہمیں چیزیں ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، کشمیری پاکستان کے ساتھ نظریاتی اور فکری طور پر کھڑے ہیں، الحاق پاکستان منزل ہے، آزادی کے لیے حریت پسندوں کی قربانیوں کو نہ بھولے ہیں اور نہ ہی بھولیں گے، کشمیریوں کی منزل آسان نہیں، راستے کو صاف کرنے کے لیے انگنت قربانیاں دی ہیں اور اس ضمن میں مستقبل میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے اور اسلاف کے نظریہ الحاق پاکستان کو منطقی انجام تک پہنچانے سے قطعی گرہیز نہیں کریں گے، انھوں نے اقوام متحدہ سے بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لیتے ہوئے رائے شماری کے وعدے کی تکمیل کا مطالبہ بھی کیا۔