Live Updates

عطا تارڑ سانحہ سوات پر سیاست سے پہلے پنجاب اور اسلام آباد کے سانحات کا جواب دیں

اسلام آباد اور پنجاب کی سڑکیں اور نام نہاد ترقیاتی منصوبےایک بارش میں بہہ گئے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پنجاب کو مدد کی پیشکش کی لیکن ن لیگی وزراء کم ظرفی دکھا رہے ہیں۔ مشیراطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 19 جولائی 2025 20:22

عطا تارڑ سانحہ سوات پر سیاست سے پہلے پنجاب اور اسلام آباد کے سانحات ..
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 19 جولائی 2025ء ) مشیراطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ عطا تارڑ سانحہ سوات پر سیاست سے پہلے پنجاب اور اسلام آباد کے سانحات کا جواب دیں، اسلام آباد اور پنجاب کی سڑکیں اور نام نہاد ترقیاتی منصوبے ایک بارش میں بہہ گئے۔ انہوں نے وفاقی وزیرعطا تارڑ کو جواب دیتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا کہ سانحات پر سیاست مسلم لیگ ن کا وطیرہ ہے۔

عطا تارڑ سانحہ سوات پر سیاست کرنے سے پہلے پنجاب اور اسلام آباد کے سانحات کا جواب دیں۔ چند گھنٹوں کی بارش نے اسلام آباد و پنجاب کے ترقیاتی دعوؤں کا پول کھول دیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پنجاب کو مدد کی پیشکش کی، ن لیگی وزراء کم ظرفی دکھا رہے ہیں۔ `لاہور پیرس نہیں، پانی میں ڈوبا شہر بن چکا ہے` اسلام آباد اور پنجاب کی سڑکیں جھیلیں بن گئیں، نام نہاد ترقیاتی منصوبے ایک بارش میں بہہ گئے۔

(جاری ہے)

مزید برآں خیبر پختونخوا کابینہ کا 35 واں اجلاس ہوا، اجلاس سے متعلق بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے اجلاس کے دوران اعلان کیا کہ پائیدار امن کے لیے آئندہ ہفتے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی تاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے۔ ضلع کرم میں امن کی بحالی حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا نتیجہ ہے اور دیگر علاقوں میں بھی مقامی جرگوں اور قبائلی عمائدین کی مشاورت سے پائیدارامن قائم کیا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں 3 ایم پی اوقانون میں اصلاحات پر بھی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اس قانون کا نفاذ محکمہ داخلہ کی پیشگی اجازت سے مشروط ہوگا تاکہ اس کے غلط استعمال کی روک تھام کی جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 3 ایم پی او ایف سی آر جیسے قانون کی طرز پر ہے جس کا اکثر غلط استعمال ہوتا ہے۔ ملک میں قدرتی آفات  کے مختلف  واقعات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ ایسے سانحات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت دیگر صوبوں کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔

کابینہ نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے خیبر پختونخوا کے شہداء کے لواحقین کے لیے فی کس 50 لاکھ روپے جبکہ دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے مولانا خانزیب شہید کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے مالی امداد کی منظوری دی۔ کابینہ نے خیبر پختونخوا زرعی آمدن ٹیکس رولز 2025، ماحولیاتی آڈٹ رولز 2025 اور ماحولیاتی تحفظ (سیلنگ و ضبطگی) رولز 2025 کی منظوری دی۔

اسی طرح انسداد منشیات ایکٹ 2019 سے سزائے موت کی شق کے اخراج سے متعلق کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی جو سفارشات کابینہ کو پیش کریگی۔ کابینہ نے چار شہریوں روزینہ، انس خان، محمد امان اور محمد اذلان کے مہنگے طبی علاج کے لیے مجموعی طور پر 4 کروڑ 81 لاکھ روپے کی مالی امداد کی منظوری دی۔ کابینہ نے ضلع دیر اپر میں دیر ماڈل سکول دودبہ کی عمارت کو خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے کیمپس کے قیام کے لیے دینے کی منظوری دی تاکہ موجودہ تعلیمی سال کا آغاز وہاں ممکن ہو سکے۔

کابینہ نے دریائے سوات کے پانی کو گریوٹی فلو کے ذریعے مینگورہ پہنچانے کے لیے زمین کی خریداری کی بھی منظوری دی، جس پر کل 3 کروڑ 86 لاکھ 90 ہزار روپے لاگت آئے گی۔ اجلاس میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم / ڈسٹرکٹ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم فیز II منصوبے کی لاگت 31 کروڑ 85 لاکھ روپے سے بڑھا کر 37 کروڑ 52 لاکھ 10 ہزار روپے کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ نے پیراپلجک سنٹر کے بورڈ آف گورنرز کے ارکان کی تقرری، ہیلتھ فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری و تبادلہ اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کے پانچ ارکان کی تعیناتی کی بھی منظوری دی۔

صوبائی ایکشن پلان کے تحت کابینہ نے پہلے سے پروفائل شدہ نان کسٹمز پیڈ (این سی پی) گاڑیوں پر آر ایف آئی ڈی سسٹمز اور مشین ریڈایبل نمبر پلیٹس کی تنصیب کی منظوری دی۔ کابینہ نے واضح کیا کہ یہ اقدام صرف پروفائلنگ تک محدود ہوگا اور اس میں کوئی ٹیکس وصولی شامل نہیں ہوگی۔ مختلف محکموں کی جانب سے گاڑیوں کی خریداری پر عائد پابندی میں نرمی کی درخواستیں کابینہ میں پیش کی گئیں اور کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ایسی گاڑیوں کا بندوبست  ضروریات کو دیکھتے ہوئے محکمہ ایکسائز کے ذریعے کیا جائے گا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات