دبئی میں آن لائن ٹریڈنگ فراڈ میں ملوث گینگ پکڑا گیا

گروہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی تجارت اور سرمایہ کاری کی سکیموں کو فروغ دے کر آن لائن فراڈ میں مہارت رکھتا تھا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جولائی 2025 14:16

دبئی میں آن لائن ٹریڈنگ فراڈ میں ملوث گینگ پکڑا گیا
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی 2025ء ) دبئی پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے جعلی تجارت اور سرمایہ کاری کی سکیموں کو فروغ دے کر آن لائن فراڈ میں ملوث ایک گروہ کو گرفتار کرلیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایک ایسے سائبر کرائم گینگ کو گرفتار کیا ہے جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی تجارت اور سرمایہ کاری کی سکیموں کو فروغ دے کر آن لائن فراڈ میں مہارت رکھتا تھا، یہ گرفتاریاں انسداد فراڈ سنٹر کی طرف سے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن کے اندر وسیع نگرانی اور تفتیش کے بعد کی گئیں۔

بتایا گیا ہے کہ چار رکنی گینگ نے معروف تجارتی اور سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کی نمائندگی کرنے کا جھوٹا دعویٰ کرتے ہوئے فون کالز اور سوشل میڈیا اشتہارات کے ذریعے متاثرین کو نشانہ بنایا، انہوں نے اپنے متاثرین کو اس بات پر قائل کیا کہ وہ زیادہ اور فوری منافع کما سکتے ہیں، اس وعدے پر انہیں فنڈز کی منتقلی پر آمادہ کیا جو بعد میں متحدہ عرب امارات سے باہر کے بینک کھاتوں میں بھیجے گئے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ حکام کی جانب سے مشتبہ افراد کی شناخت اور مقامات کی مکمل نشاندہی کی گئی جس کے نتیجے میں ان کی فوری گرفتاری عمل میں آئی، انہیں متعلقہ عدالتی حکام کے حوالے کرنے کے لیے قانونی کارروائی کی گئی ہے جب کہ دبئی پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور ایسے افراد یا اداروں کے ساتھ بات چیت سے گریز کریں جو بغیر لائسنس کے سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دیتے ہیں یا بینک اکاؤنٹس کھولنے اور فنڈز کی منتقلی کی درخواست کرتے ہیں۔

پولیس نے اس بات پر زور دیا ہے کہ صرف مجاز اور لائسنس یافتہ اداروں کو ہی ملک میں سرمایہ کاری کی خدمات فراہم کرنے کی اجازت ہے، کوئی بھی مالیاتی فیصلہ لینے سے پہلے کسی بھی سرمایہ کاری کی پیشکش کی قانونی حیثیت کی تصدیق کرنا ضروری ہے، کمیونٹی ممبران پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ eCrime پلیٹ فارم، دبئی پولیس ایپ کا استعمال کرتے ہوئے یا 901 پر کال کرکے کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دیں،