یوٹیلیٹی سٹورز کے تمام آپریشنز 31 جولائی تک مکمل طور پر بند کئے جا رہے ہیں، تمام ملازمین کے حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے گا ، ہارون اختر

منگل 22 جولائی 2025 17:02

یوٹیلیٹی سٹورز   کے تمام آپریشنز   31 جولائی   تک مکمل طور پر بند  کئے جا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے تمام آپریشنز 31 جولائی 2025 تک مکمل طور پر بند کئے جا رہے ہیں۔ یہ فیصلہ ادارے کے مسلسل مالی خسارے اور حکومت کے وسیع تر نجکاری منصوبے کے تحت کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی طرف سے جاری بیان کے میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے واضح کیا ہے کہ ادارے کی بندش کے عمل کے دوران تمام ملازمین کے حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے گا اور انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

اس ضمن میں وزیراعظم نے وزارتِ خزانہ کی زیرِ نگرانی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے، جو متاثرہ ملازمین کے لئے رضاکارانہ علیحدگی سکیم (وی ایس ایس) تیار کر رہی ہے۔ یہ سکیم متاثرہ ملازمین کو مناسب مالی معاوضے کی فراہمی یقینی بنائے گی۔کمیٹی اپنی سفارشات اور سکیم کی حتمی رپورٹ وزیراعظم کو منظوری کے لئے پیش کرے گی۔ منظوری کے بعد تمام اہل ملازمین کو مقررہ شرائط کے مطابق ادائیگیاں کی جائیں گی تاکہ منتقلی کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔