قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا سیلابی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور نقصانات پر رنج و غم کا اظہار

منگل 22 جولائی 2025 17:02

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف   کا  سیلابی صورتحال میں قیمتی انسانی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے گلگت بلتستان کی تھک بابوسر شاہراہ پر شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور دریا کے پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث سیلابی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو اپنے تہذیتی پیغام میں انہوں نے کہا حالیہ بارشوں اور قدرتی آفات سے جو جانی و مالی نقصان ہوا ہے، وہ نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔

سیلابی ریلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پوری قوم اس آزمائش کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں حالیہ بارشوں سے ہونے والا نقصان اور قدرتی آفات ایک قومی امتحان ہوتی ہیں، اور اس وقت قومی یکجہتی اور ہمدردی کی ضرورت ہے۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں سے مطالبہ کیا کہ امدادی سرگرمیوں کو تیز اور مؤثر بنایا جائے تاکہ لاپتہ افراد کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔عمر ایوب خان نے مرحومین کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔