Live Updates

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے برساتی پانی کے مؤثر استعمال کے لیے واٹر ٹینکس قائم کر دیئے

بدھ 30 جولائی 2025 20:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)بلدیہ عظمیٰ کراچی نے برساتی پانی کے پائیدار انتظام اور اربن فلڈ سے بچاؤ کے لئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے شہر کے مختلف اہم مقامات پر واٹر ٹینکس قائم کرنے کا آغاز کر دیا ہے، یہ اقدام بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انجینئرنگ کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد کیا گیا جس کی صدارت میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ ماہ کی تھی،اس منصوبے کے تحت بارش کے پانی کو درست طریقے سے نکاسی آب کے نظام سے گزارنے، مرکزی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے روکنے اور شہری سیلاب کے خطرے کو کم کرنے کے لیے ابتدائی مرحلے میں چند اہم مقامات پر واٹر ٹینکس تعمیر کیے جارہے ہیں، ان مقامات میں کے ایم سی ہیڈ آفس، پولو گراؤنڈ، سندھ سیکریٹریٹ سے ملحقہ علاقہ اور برنس گارڈن شامل ہیں،بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان دانیال سیال کے مطابق ان مقامات پر تعمیراتی ٹیموں نے کام کا آغاز کر دیا ہے اور جلد تکمیل یقینی بنائی جارہی ہے، انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد بارش کے پانی کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے تاکہ یہ پانی سڑکوں پر جمع ہو کر انفراسٹرکچر کو نقصان نہ پہنچا سکے،انہوں نے کہا کہ کے ایم سی شہر بھر میں مزید مقامات کی نشاندہی کررہی ہے تاکہ اس منصوبے کو وسعت دی جا سکے،بارش کے پانی کو استعمال کرنے کے کئی پائیدار طریقے ہیں جیسے باغبانی، بارش کے پانی کی ذخیرہ کاری اور دیگر استعمالات، یہ طریقہ ماحول کے تحفظ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ کراچی کو موسمی بارشوں سے نمٹنے کے قابل بھی بناتا ہے،یہ منصوبہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی انتظامیہ کے اس وسیع تر وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد شہری انفرااسٹرکچر کو جدید بنانا، ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینا اور کراچی کے شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات