فنانس ایکٹ سیکشن 37 اے میں ترمیم ہوگئی، فیلڈ مارشل نے بزنس کمیونٹی کو بچالیا، گوہراعجاز

جمعرات 7 اگست 2025 21:04

فنانس ایکٹ سیکشن 37 اے میں ترمیم ہوگئی، فیلڈ مارشل نے بزنس کمیونٹی کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)سابق نگران وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ ٹیکس گزاروں کو آج بڑی کامیابی ملی ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کاروباری شخصیات کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے کالے قوانین سے بچا لیا۔گوہر اعجاز نے اپنے بیان میں کہا کہ ایف بی آر نے کاروباری برادری کے مطالبے پر فنانس ایکٹ میں ترمیم کر دی ہے، معزز ٹیکس گزاروں کو بڑی کامیابی ملی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فنانس ایکٹ کے سیکشن 37 اے میں ترمیم کی گئی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کاروباری شخصیات کی عزت کو محفوظ کر لیا ہے، کاروباری برادری کی مشاورت کے بغیر کسی تاجر کو گرفتار نہیں کیا جا سکے گا۔گوہر اعجاز نے کہا کہ ملک بھر کے 18 چیمبرز آف کامرس نے فیلڈ مارشل کے سامنے کاروباری شخصیات کی گرفتاری کا معاملہ اٹھایا تھا، اس دوران کاروباری شخصیات کی گرفتاری سے قبل سیف گارڈز یقینی بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی کمیٹی میں اب فیڈرل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)دیگر چیمبرز آف کامرس اور اسٹیک ہولڈرز بھی شامل ہوں گے۔گوہر اعجاز نے کہا کہ کاروباری شخصیات کے خلاف انکوائری اور انوسٹی گیشن سے قبل کمیٹی کی منظوری لازمی ہوگی۔