حیدر علی کو رہا کر دیا گیا

قومی کرکٹر کو 3 دن تک حراست میں رکھے جانے کا انکشاف

muhammad ali محمد علی جمعرات 7 اگست 2025 22:37

حیدر علی کو رہا کر دیا گیا
مانچسٹر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست 2025ء ) حیدر علی کو رہا کر دیا گیا، قومی کرکٹر کو 3 دن تک حراست میں رکھے جانے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نوجوان اور باصلاحیت کرکٹر حیدر علی پاکستان شاہینز کے دورہ انگلینڈ کے دوران بڑی مشکل میں پھنس گئے۔ پاکستان کے نوجوان کرکٹر حیدر علی کو برطانیہ میں گرفتاری کے بعد رہا کر دیا گیا۔

سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق حیدر علی کو مانچسٹر پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا۔ ان کیخلاف خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ انہیں 3 روز قبل مانچسٹر پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ برطانوی پولیس کی جانب سے حیدر علی سے کرمنل تفتیش کی جا رہی ہے، انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تاہم ان کے برطانیہ سے باہر جانے پر پابندی ہو گی۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اس حوالے سے تصدیق کر دی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حیدر علی کو برطانیہ میں مکمل قانونی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ برطانوی قوانین کا مکمل احترام کرتا ہے اور چاہے گا کہ جو بھی تفتیش کا عمل شروع کیا گیا ہے، وہ اپنے قانونی اور منطقی انجام تک پہنچے۔ اسی اثناء میں پی سی بی نے حیدر علی کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ تمام قانونی کاروائی مکمل ہو جانے اور مکمل حقائق سامنے آنے کے بعد ہی پی سی بی کی جانب سے مزید کوئی کاروائی عمل میں لائے جائے گی۔ اس حوالے سے تب تک پی سی بی کی جانب سے مزید کوئی بیان جاری نہیں کیا جائے گا۔