Live Updates

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے نتھیا گلی ہوٹل ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

جمعرات 7 اگست 2025 22:37

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے نتھیا گلی ہوٹل ایسوسی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے نتھیا گلی ہوٹل ایسوسی ایشن کے وفد نے جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ ہائوس پشاور میں ملاقات کی اورسیاحتی علاقوں میں ہوٹل مالکان کو درپیش مسائل کے حل، سیاحوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی اور سیاحت کے فروغ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

صوبائی کابینہ اراکین خلیق الرحمن اور مزمل اسلم کے علاوہ متعلقہ محکموں کے حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وفد نے نتھیاگلی، ناران اور کاغان کے ہوٹل مالکان کو درپیش مسائل سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ہم اس سلسلے میں ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں سیاحت کو جدید خطوط پر ترقی دینے کےلئے اقدامات کر رہی ہے،ہم اس مقصد کےلئے نجی سرمایہ کاری کی نہ صرف حوصلہ افزائی کر رہے ہیں بلکہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات بھی دے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات کے قدرتی ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

قدرتی ماحول ہمارا اثاثہ اور آنے والی نسلوں کی امانت ہے، اس کا تحفظ سب پر لازم ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر حکومت اور نجی شعبہ مل کر کام کریں تو نا صرف سیاحت کو فروغ ملے گابلکہ ماحول کا تحفظ بھی ممکن ہوگا۔ شعبہ سیاحت میں حکومت کے دیگر اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ صوبے میں مزید تین نئے سیاحتی مقامات کو فروغ دے رہے ہیں، سیاحتی مقامات تک رابطہ سڑکوں کی تعمیر پر کام جاری ہے اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کےلئے ٹیکسوں کی وصولی کے نظام کو بھی ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کا نظام متعارف کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹیکس دہندگان ٹیکسوں کی ادائیگیوں کےلئے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کا استعمال کریں، اس سے ٹیکسوں کی ادائیگی اور وصولیوں کے نظام میں مکمل شفافیت آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاحتی علاقوں کے ہوٹل مالکان کی سہولت کےلئے یونیفارم ٹیکسیشن پالیسی نافذ کی جائے گی جبکہ سیاحتی علاقوں کی ہوٹل انڈسٹری کا سروے کرنے کے بعد ٹیکسوں کی ادائیگی کے لئے پانچ سالہ پالیسی مرتب کی جائے گی، سیاحتی علاقوں کے ہوٹل مالکان سے مختلف قسم کے ٹیکسوں کی وصولی ایک ادارے کے ذریعے کی جائے گی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ نتھیاگلی میں پانی کی عدم دستیابی کے دیرینہ مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے پر کام ہو رہا ہے، اس کے علاوہ ناران، کاغان میں سیاحوں کےلئے ہسپتال کا منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ناران، کاغان تک تین کلومیٹر رابطہ سڑک کی بحالی اور کشادگی پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر نتھیاگلی ہوٹل ایسوسی ایشن سے کہا کہ وہ غیر رجسٹرڈ ہوٹلوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کےلئے حکومت کے ساتھ تعاون کرےں۔ وفد نے ملاقات کےلئے وقت دینے اور ان کے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات