وسیم اکرم نے بابراعظم کی ٹی20 اسکواڈ میں واپسی کی حمایت کردی

بابر اعظم کوتیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنی چاہیے، سابق کپتان کا مشورہ

جمعرات 7 اگست 2025 22:57

وسیم اکرم نے بابراعظم کی ٹی20 اسکواڈ میں واپسی کی حمایت کردی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بابراعظم کی ایشیا کپ کے لیے اسکواڈ میں واپسی کی حمایت کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ انہیں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنی چاہیے۔ایک انٹرویو میں وسیم اکرم نے کہا کہ اگر میرے پاس اختیار ہوتا تو میں بابراعظم کو ضرور قومی ٹی20 ٹیم میں شامل کرتا کیوں کہ آگے ایشیا کپ اور اس کے بعد ٹی20 ورلڈکپ آرہا ہے جس کے لیے ہمیں ایک سینئر بیٹر کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شائقین کرکٹ کو یاد ہوگا کہ جب انہوں نے 2019 میں سمرسیٹ کی نمائندگی کی تھی تو وہ تقریبا 150 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنا رہے تھے، وہ اپنی بیٹنگ کو حالات کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔سابق کپتان نے کہاکہ جب ہم 140 یا 160 رنز کے ہدف کا تعاقب کررہے ہوں تو خاص طور پر بڑی ٹیموں کے خلاف ہمیں ایک ایسے کھلاڑی کی ضرورت ہوتی ہے جو ذمہ داری لے اور باقی 10 کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بابراعظم دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، وہ اپنے کھیل کو فارمیٹ اور میچ کی صورتحال کے مطابق ایڈجسٹ کرتے ہیں، وہ ماضی میں بھی ایسا کرچکے ہیں اور مستقبل میں بھی کرسکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بابراعظم کے اندر ابھی بھی بہت کرکٹ باقی ہے اور وہ پاکستان کے لیے بہت کچھ حاصل کر سکتے ہیں، ہمیں سب کو ان کا ساتھ دینا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں وسیم اکرم نے کہا کہ کوچ بابراعظم کو کسی نمبر پر بھی کھلا سکتا ہے لیکن میری رائے میں ان کے لیے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنا بہتر ہے، لیکن یہ صورتحال پر منحصر ہوگا، اگر زیادہ اوورز باقی ہوں تو کوئی اور بھی اوپننگ کے لیے جاسکتا ہے۔