سیوریج کا گنداپانی ،رائے ونڈ شہر کی پہچان بن گیا

کئی ماہ سے صفائی کے ناقص انتظامات سے تاجروں لاکھوں روپے کے مقروض ،راہگیروں کا گزرنا محال

جمعرات 7 اگست 2025 23:01

سیوریج کا گنداپانی ،رائے ونڈ شہر کی پہچان بن گیا
رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)سیوریج کا گنداپانی ،رائے ونڈ شہر کی پہچان بن گیا ،رائے ونڈشہر کے داخلی راستے سیوریج کے گندے پانی میں ڈوب گئے،کئی ماہ سے صفائی کے ناقص انتظامات سے تاجروں لاکھوں روپے کے مقروض ،راہگیروں کا گزرنا محال ہو گیا ،تفصیلات کے مطابق شہر کے داخلی راستے ریلوئے روڈ مختلف مقامات پر سیوریج سسٹم ناکارہ اور گٹروں کا پانی سڑک کے درمیان کھڑا ہونے سے تعفن پھیلنے لگا ،ریلوئے روڈ کے درجنوں تاجروں نے گزشتہ روز احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی غفلت کے باعث رائے ونڈ کا اہم تجارتی مرکز اور داخلی راستہ ریلوئے روڈ سیوریج کے گندے پانی میں ڈوبا ہوا ہے ،کروڑوں روپے آمدن فراہم کرنیوالا علاقہ مسائل کا شکار ہے ،میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہورکی بے حسی اور غفلت سے شہر کا داخلی راستہ گندے پانی میں ڈوبنے سے گاڑیوں اور پیدل لوگوں کا گزرنا محال ہو چکا ہے متعدد بار شکایات کے باجود کسی افسر کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی ،کئی ماہ سے نکاس آب کا نظام تباہ ہونے سے تاجر مقروض ہو گئے ،مین ہول ڈھکن ٹوٹنے سے کئی افراد زخمی ہو چکے ہیں ،شہر کی سب سے بڑی جامع سٹریٹ میں جگہ جگہ سیوریج کے پانی میں ڈوبی ہوئی ہے مین ہول کے ڈھکن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے موسم برسات میں نکاس آب کے ناقص انتظام سے لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہو کر تباہی پھیلا رہا ہے ریلوئے روڈ کے تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شہر کا سیوریج سسٹم ناکارہ ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں نے مسلم لیگی نمائندوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے ایام میں نکاسی آب کا نظام ٹھیک ہوجاتا ہے الیکشن کے بعد عوام کو لاوارث چھوڑ دیا جاتا ہے دوسری جانب میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہورنے رائے ونڈ سی او یونٹ کو مشینری فراہم نہیں کی جس سے کئی ماہ سے تجارتی مراکز سیوریج کے گندے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں شہریوں نے ڈی سی لاہور سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوئے روڈمیں نکاس آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے ۔