حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے میں رکاوٹ ڈالنے والوں پر پابندیاں لگائیں گے، امریکی سینیٹرز

لبنان کی حکومت نے اپنی فوج کو ایک سال کے اندر اندر حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا حکم دے دیا

اتوار 7 ستمبر 2025 17:15

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)امریکی سینیٹرز نے خبردار کیا ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے میں رکاوٹ بننے والوں پر سخت پابندیاں عائد کریں گے۔عرب میڈیا کے مطابق یہ بیان امریکی سینیٹ کی فارن ریلیشنز کمیٹی کے اہم ارکان کی جانب سے جری کیا گیا ہے۔ریپبلکن سینیٹر جم ریش اور ڈیمو کریٹ سینیٹر جینی شاہین نے کہا کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا فیصلہ اور اس پر عمل درآمد کرنا لبنان کا بنیادی حق ہے۔

(جاری ہے)

امریکی سینیٹرز نے کہا کہ لبنان کی ترقی اور محفوظ مستقبل اسی صورت ممکن ہے جب وہاں کے لوگوں اور حکومت کو حزب اللہ اور ایران کے اثر و رسوخ سے نجات ملے گی۔امریکی سینیٹرز نے لبنانی صدر جوزف عون اور وزیر اعظم نواف سلام کو حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے میں اپنی پوری حمایت کا یقین بھی دلایا۔سینیٹرز نے اس بات کا خدشہ بھی ظاہر کیا کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی مہم میں ناکامی سے لبنان میں ایک بار پھر افراتفری کا دور واپس آجائے گا۔سینیٹرز نے امریکی صدر کو خط بھی لکھا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ حزب اللہ کو غیرمسلح کرنے میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔