سٹی سپورٹس کمپلیکس انتظامی امور اور کھیلوں کے اعتبار سے ترقی کی جانب گامزن ہے، ڈی جی ایف ڈی اے

جمعرات 11 ستمبر 2025 21:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس انتظامی امور اورکھیلوں کے اعتبار سے ترقی کی جانب گامزن ہے جس میں وسعت کے لئے متعدد منصوبے زیر غور ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اور مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے عمدہ نظم و نسق پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر ،ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، مینجر سپورٹس کمپلیکس رضوانہ کمال و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے جمنیزیم، سوئمنگ پولز، باسکٹ بال اور لان ٹینس سمیت ان ڈور گیمز کے دیگر کورٹس کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام تنصیبات کی دیکھ بھال اور حفاظت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے صفائی کے اعلیٰ معیار، منظم سکیورٹی، لینڈ سکیپنگ اور تزئین و آرائش کے دیگر انتظامات کو ہمہ وقت برقرار رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ ممبرز کی سہولیات کا ہرممکن خیال رکھاجائے اس سلسلے میں قائمہ ہدایات پر عملدرآمد میں نرمی نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سپورٹس کمپلیکس میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا اہتمام ہونا چاہیئے تاکہ بھرپور رونقوں میں اضافہ کے علاوہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مثبت رجحانات کو پروان چڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کیفے ٹیریا کو منظم انداز میں فنکشنل بنانے کی بھی ہدایت کی۔ مینجر سپورٹس کمپلیکس رضوانہ کمال نے انتظامی امور اور کھیلوں کی سرگرمیوں کی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :