Live Updates

راولپنڈی میں اڈیالہ پارک کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کا منصوبہ تیزی سے جاری ہے،احمد حسن رانجھا

پیر 15 ستمبر 2025 20:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) پنجاب حکومت کی جانب سے راولپنڈی کے عوام کو جدید تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اڈیالہ پارک کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کا منصوبہ تیزی سے جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) احمد حسن رانجھا نے اڈیالہ پبلک پارک کا خصوصی دورہ کیا اور مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔

انہوں نے اپ گریڈیشن کے کام کا بغور جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق راولپنڈی کے عوام کو صحت مند ماحول اور معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اڈیالہ پارک کی اپ گریڈیشن کے بعد شہریوں کو نہ صرف خوشگوار اور صحت مند ماحول میسر آئے گا بلکہ مختلف کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔

(جاری ہے)

پارک میں جاگنگ اور سائیکلنگ ٹریک، اوپن ایئر جم، منی گالف ایریا، انڈور گیم ہال، کرکٹ ایریا اور فٹسال گراؤنڈ شامل ہوں گے۔ اسی طرح ٹینس کورٹ، اے ٹی وی ٹریک اور اسکیٹنگ رنگ بھی شہریوں کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارک میں عوام کے لیے ایک خوبصورت پانی کا تالاب تعمیر کیا جا رہا ہے جبکہ بچوں کے لیے پلے ایریا، جدید طرز تعمیر کا کیفے، زپ لائن اور پینٹ بال جیسی جدید تفریحی سہولیات بھی شامل کی گئی ہیں۔

ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ اپ گریڈیشن کے عمل میں عوام کی سہولت اور دلچسپی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پارک کو ہر پہلو سے مثالی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق راولپنڈی کے عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اڈیالہ پارک کی اپ گریڈیشن سے شہریوں کو صحت مند اور معیاری تفریحی مواقع میسر آئیں گے اور یہ منصوبہ راولپنڈی کی مقامی سطح پر ایک نمایاں سنگ میل ثابت ہو گا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات