صدر مملکت آصف علی زرداری کی شنگھائی میں چینی کمپنیوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت

منگل 16 ستمبر 2025 21:20

شنگھائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے زراعت ، ماحولیات اور ماس ٹرانزٹ کے شعبوں میں چینی کمپنیوں کے ساتھ شنگھائی میں تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی، خاتون اول آصفہ بھٹو، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی صدر کے ہمراہ تھے۔منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق پہلی مفاہمتی یادداشت کنٹرولڈ ایگریکلچر سائنس اینڈ ایجوکیشن پارک کے قیام سے متعلق تھی جس کا مقصد زرعی پیداوار کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

اس یادداشت پر شنگھائی ہواوے ایگری ٹیک گروپ اور مسکائے اینڈ فمٹی ٹریڈنگ کمپنی نے دستخط کیے جبکہ پاکستان کی جانب سے شاہد تواوالا نے نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

دوسری مفاہمتی یادداشت سہ فریقی معاہدہ تھا جس کے تحت پاکستان میں ایک ووکیشنل ادارہ شینونگ کالج قائم کیا جائے گا جو کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور تربیت فراہم کرے گا۔ اس معاہدے پر لانگ پنگ ہائی ٹیک انفارمیشن ٹیکنالوجی (بیجنگ) کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین چن ژی شن، بیجنگ جیالونگ ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے وائس چیئرمین جیالونگ اور پاکستان کی طرف سے اے ایس ایم سروسز کے نمائندہ شاہد تواوالا نے دستخط کیے۔

تیسری مفاہمتی یادداشت ٹائر ری سائیکلنگ منصوبے سے متعلق تھی جس کا مقصد ماحول دوست ویسٹ مینجمنٹ کے طریقوں کو فروغ دینا ہے۔ اس پر میری ٹائم سلک روڈ ہولڈنگز (چنگ ڈائو) کمپنی لمیٹڈ کے نمائندہ چنگ لانگ اورپاکستان کی جانب سے اے ایس ایم سروسز کے نمائندہ شاہد تواوالا نے دستخط کیے۔صدرمملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشتیں پاکستان اور چین کے درمیان زرعی، تکنیکی اور ماحولیاتی شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے سلسلے میں عملی پیش رفت ہیں۔

تقریب میں چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائی ڈونگ بھی موجود تھے جبکہ سندھ کے وزراء شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔