آرٹس کونسل کراچی کی جانب سے سیمی خشتر کا شعری مجموعہ صدائے خشتر کی تقریب رونمائی کا انعقاد

منگل 16 ستمبر 2025 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے سیمی خشتر کا شعری مجموعہ صدائے خشتر کی تقریب رونمائی گل رنگ ہال میں منعقد کی گئی جس کی صدارت شاعر، نقاد و دانشور پروفیسر سحر انصاری نے کی۔جاری اعلامیہ کے مطابق صدارتی خطبے میں پروفیسر سحر انصاری نے کہاکہ آج بہت مسرت کا دن ہے سیمی خشتر کی کتاب صدائے خشترکی تقریب رونمائی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل میں تقریب کا منعقد ہونا لائق ستائش ہے، سیمی خشتر نے جو شعر پیش کیے وہ ان کے ذاتی تجربے اور شعور کا مظہر ہے، ان کا شعری مجموعہ انفرادیت کے لحاظ سے منفرد ہے، ان کے ہاں خودداری اور حوصلہ مندی پائی جاتی ہے۔اس موقع پرشاعرہ سیمی خشتر نے کہاکہ جس معاشرے میں مسائل زیادہ ہوں وہاں خوبصورتی اوررعنائیوں کے ساتھ ساتھ جذبوں کا اظہار بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے ایک مشاعرے میں شرکت کی جس میں شاعری سے شغف بڑھا، میری اس کتاب کے پیچھے ناصرف میرے والد، شوہر، بچوں بلکہ پروفیسر سحر انصاری کا بھی بڑا ہاتھ ہے اگر وہ میری رہنمائی نہ کرتے تو شاید آج یہ کتاب آپ کے ہاتھ میں نہ ہوتی، انہوں نے ہمیشہ میری حوصلہ افزائی اور اصلاح کی۔ تقریب سے ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی، ڈاکٹر عنبریں حسیب عنبر، پروفیسر ڈاکٹر معظم حیدر، ڈاکٹر دانش، سیدہ منال اور سیدہ نہال نقوی نے بھی اظہارِ خیال کیا۔