عالمی نمبر ون آریانا سبالینکا انجری کے باعث چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار

بدھ 17 ستمبر 2025 10:00

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) بیلاروس کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبرون آریانا سبالینکا نے چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 2025 سے انجری کے باعث دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی انتظامیہ نے آریانا سبالینکا کے ڈبلیو ٹی اے چائنا اوپن ٹینس 2025 سے دستبرداری کی تصدیق کر دی۔

آریاناسبالینکا نے اپنے بیان میں کہاہے کہ سب کو سلام، مجھے افسوس کے ساتھ اطلاع دینی ہے کہ میں رواں سال چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن کے بعد مجھے معمولی چوٹ لگی ہے۔ اب میری ترجیح ہے کہ میں مکمل طور پر صحتیاب ہو کر باقی سال کے مقابلوں میں حصہ لوں، میں بہت جلد اپنے چینی مداحوں سے ملاقات کی منتظر ہوں اور آئندہ سال بیجنگ واپسی کی امید رکھتی ہوں۔

آریانا سبالینکا نے رواں سال آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن اور یو ایس اوپن کے فائنلز میں رسائی حاصل کی جبکہ یو ایس اوپن میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنا چوتھا گرینڈ سلام ٹائٹل جیتا تھا۔واضح رہے کہ چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 2025 کا مین ڈرا 24 ستمبر سے 5 اکتوبر تک بیجنگ میں کھیلا جائے گا۔\932

متعلقہ عنوان :