Live Updates

نویں الزارونی سٹوڈنٹس اولمپک گیمز کے ڈراز کا اعلان کردیا گیا

بدھ 17 ستمبر 2025 17:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام نویں الزارونی سٹوڈنٹس اولمپک گیمز کے ڈراز کا اعلان کردیا گیا ہے۔ مقابلوں کا آغاز آج، جمعرات سے کراچی میں شروع ہو گا۔ گیمز کا باقاعدہ افتتاح(کل) جمعہ،) 19 ستمبر کو شام پانچ بجے، براق سپورٹس پرائیویٹ لمیٹڈ (یو اے ای)کے سربراہ شیخ علی زارونی سی سپورٹس کمپلیکس، کشمیر روڈ، کراچی میں کریں گے۔

گیمز کراچی کے تین مختلف مقامات پر ہونگی جن میں پی ایس بی کوچنگ سنٹر کراچی، کے ایم سی سپورٹس کمپلیکس، کشمیر روڈ، کراچی اور منی سپورٹس کمپلیکس، ناظم آباد، کراچی کے مقامات شامل ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول آرائیں نے بتایا کہ گیمز کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور گیمز کراچی میں حالیہ بارشوں کے باعث دو دن لیٹ شروع کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گیمز میں ملک بھر سے ڈیرھ سو سے زائد سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبا و طالبات مختلف 24 کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔جن کے ڈراز کا اعلان کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فٹ سال کے مقابلے 18 سے 25 ستمبر تک، کرکٹ /ٹائپ بال اور تھروبال کے مقابلی18 سے 28 ستمبر تک، جمناسٹک کے مقابلے 19 سے 20 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، اتھلیٹکس، روپ سکیپنگ اور کیچ بال مقابلے 20 ستمبر کو جبکہ فلائینگ ڈیسکس اور نیٹ بال کے مقابلے 21 ستمبر کومنعقد ہونگے۔

ہاکی کے مقابلے 23 اور 24 ستمبر کو، رسہ کشی کے مقابلے 24 ستمبر کو، باسکٹ بال اور والی بال کے مقابلے 26 سے 28 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، پکل بال کے مقابلے 27 اور 28 ستمبر کو، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، پیڈل، ڈوج بال، فٹنس اور شطرنج کے مقابلے 27 ستمبر کو جبکہ آرچری، سکیٹنگ اور سائیکلنگ کے مقابلے 28 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ گیمز کی اختتامی تقریب 28 ستمبر کو ہوگی۔ جس میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کی جائیں گی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات