چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سےروانڈا کی ہائی کمشنر فاتحو ہریریماناکی ملاقات

اتوار 19 اپریل 2026 16:41

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2026ء) روانڈا کی ہائی کمشنر برائے پاکستان فاتو ہریریمانا اتوار کو گیلانی ہاؤس پہنچیں، جہاں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ان کا استقبال کیا۔بعد ازاں چیئرمین سینیٹ اور روانڈا کی ہائی کمشنر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعاون کے فروغ، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملتان کی تاریخ پانچ ہزار سال پرانی ہے اور یہ اولیاء کی سرزمین کے طور پر اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کی ثقافت، صوفی روایات، تاریخی درگاہیں اور دستکاری خصوصاً بلو پوٹری دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روانڈا کے درمیان بہترین تعلقات ہیں اور دوطرفہ تعاون کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی روابط کو فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افریقہ کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور افریقی تجربات سے سیکھنے کے مواقع کو بڑھایا جائے گا، جبکہ جلد ایک پاکستانی وفد روانڈا کا دورہ کرے گا۔چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ بطور وزیر سیاحت انہوں نے ملتان اور جنوبی پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جبکہ اپنے دورِ وزارتِ عظمیٰ میں غیر ملکی سیاحوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی۔

روانڈا کی ہائی کمشنر فاتحو ہریریمانا نے کہا کہ یہ ان کا ملتان کا پہلا دورہ ہے اور یہاں کی مہمان نوازی نے انہیں بہت متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے شہر کے مختلف تاریخی مقامات کا دورہ کیا اور ملتان کی بلو پوٹری بہت پسند آی ہے۔اس موقع پر روانڈا ہائی کمشنر نے گیلانی ہاؤس میں پودا بھی لگایا اور آم کے باغات و پودوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملتان کے آم دنیا بھر میں مشہور ہیں اور انہیں عالمی سطح پر بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ملاقات میں وفد کے ہمراہ کرنل شیاکا کاجوگیرو اسماعیل بھی موجود تھے۔اس کے علاوہ رکن صوبائی اسمبلی سید علی حیدر گیلانی، سابق رکن صوبائی اسمبلی احمد مجتبیٰ گیلانی، سجادہ نشین موسیٰ پاک دربار سید ابوالحسن گیلانی، سابق ایم پی اے ڈاکٹر جاوید صدیقی، شاہد نسیم کھوکھر، سید ہادی گیلانی، مخدوم سید ارتضیٰ گیلانی اور عمیر کھوکھر بھی شریک ہوئے۔