یوسف رضا گیلانی سے پاک فضائیہ کے اعلی افسران کی ملاقات

قومی سلامتی، دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ ،نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے تحت جاری اقدامات پر تبادلہ خیال بدلتے سکیورٹی تقاضوں کے پیش نظر قومی اداروں کے درمیان موثر اشتراکِ کار ،ادارہ جاتی ہم آہنگی مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے،قائم مقام صدر

بدھ 29 اپریل 2026 21:50

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2026ء) قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بدلتے سکیورٹی تقاضوں کے پیش نظر قومی اداروں کے درمیان موثر اشتراکِ کار ،ادارہ جاتی ہم آہنگی مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ بدھ کو قائم مقام صدرِ سید یوسف رضا گیلانی سے گیلانی ہائوس ملتان میں پاک فضائیہ کے اعلی افسران کے ایک وفد نے ملاقات کی جس میں قومی سلامتی، دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے تحت جاری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں ایئر مارشل کاشف قمر (ہلال امتیاز ملٹری، ستارہ امتیاز ملٹری، تمغہ امتیاز ملٹری)اور ڈپٹی صدر نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ایئر وائس مارشل برہان عزیزستارہ امتیاز ملٹری، ایئر وائس مارشل لیاقت اللہ اقبال ستارہ امتیاز ملٹری اور گروپ کیپٹن بلال احمد تمغہ امتیاز ملٹری بیس کمانڈر ملتان شامل تھے ۔

اس موقع پر سینیٹر رانا محمود الحسن، چیئرمین پبلک اکانٹس کمیٹی و رکن قومی اسمبلی سید علی حیدر گیلانی، رکن صوبائی اسمبلی رانا اقبال سراج، کمشنر ملتان عامر کریم خان، صدر چیمبر آف کامرس ملتان بختاور امین، سابق ایم پی اے احمد مجتبی گیلانی اور سندھ آئی ٹی بورڈ کے رکن ڈاکٹر شازیب ملک بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران تحقیق و ترقی، جدت اور دفاعی خودانحصاری کے فروغ پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی تقاضوں کے پیش نظر قومی اداروں کے درمیان موثر اشتراکِ کار اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔قائم مقام صدر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور ملکی دفاع میں اس کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج قومی سلامتی کی ضامن ہیں اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔