گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکرایک شخص کی خودکو آگ لگا کرخودکشی کی کوشش

بدھ 13 مئی 2026 20:22

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2026ء) ملتان میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکرایک شخص نے خودکو آگ لگا لی،شدید جھلس گیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق افسوسناک حادثہ بدھ کے روز مظفر گڑھ روڈ پر اقراء ٹاؤن میں پیش آیا۔جس میں 35 سالہ ساجد ولد لیاقت علی نے مبینہ طور پر گھریلو حالات سے تنگ آ کر خود کو کمرے میں بند کر کے آگ لگا کر خود کشی کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

کمرے سے دھواں اٹھنے پر لواحقین اور اہل علاقہ نے مزکورہ شخص کو اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کیا اور کمرے سے باہر نکالا جبکہ ریسکیو ٹیم نے وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی فوری موقع پر پہنچ کر جھلسے ہوئے شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے تشویشناک حالت میں مزید علاج معالجہ کیلئے نشتر ہسپتال منتقل کیا۔متعلقہ پولیس نے معاملہ کی مختلف پہلووں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملتان نے کہا ہے کہ شہریوں سے درخواست ہے کہ گھریلو پریشانیوں یا ذہنی دباؤ کی صورت میں تنہا رہنے کے بجائے اہل خانہ، دوستوں یا ماہرین سے رابطہ کریں،بروقت مدد اور مشاورت انسانی جان بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔