وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ’’ڈرگ فری پنجاب‘‘ویژن پر عملدرآمد جاری

آئی جی پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر منشیات کے بڑے ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز رواں سال پنجاب پولیس نے 21 ہزار 824 منشیات فروشوں گرفتار، 21 ہزار 712 مقدمات درج، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

بدھ 10 جون 2026 01:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2026ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’ڈرگ فری پنجاب‘‘ویژن کے تحت پنجاب پولیس کی جانب سے صوبہ بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلرز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے منشیات کے بڑے ڈیلرز، سمگلرز اور سپلائی چین میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال صوبہ بھر میں 21 ہزار 824 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 21 ہزار 712 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 11 ہزار 626 کلوگرام چرس، 1166 کلوگرام ہیروئن، 687 کلوگرام آئس، 536 کلوگرام افیون اور 3 لاکھ 45 ہزار لیٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

صوبائی دارالحکومت لاہور میں رواں سال 2866 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2775 مقدمات درج کیے گئے۔

لاہور میں کارروائیوں کے دوران 1027 کلوگرام چرس، 82 کلوگرام ہیروئن، 256 کلوگرام آئس، 29 کلوگرام افیون اور 14 ہزار 847 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے آن لائن منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا۔