سپریم کورٹ نے سول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیس میں مختلف صنعتوں اور کمپنیوں کی دائر 18 درخواستیں سماعت کیلئے منظور کر لیں ، وفاقی حکومت سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری، جواب طلب، سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی

جمعرات 2 جنوری 2014 04:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جنوری۔2014ء) سپریم کورٹ نے سول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیس میں ہائیکورٹ کے حکومت کے حق میں فیصلے کیخلاف دائر مختلف صنعتوں اور کمپنیوں کی دائر 18 درخواستیں سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کردئیے ہیں اور سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے۔

چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں جسٹس ناصرالملک اور جسٹس اعجاز افضل خان پر مشتمل تین رکنی بنچ نے بدھ کو درخواستوں کی ابتدائی سماعت کی۔ درخواست گزاروں چراٹ سیمنٹ‘ کوہاٹ سیمنٹ‘ حلیب فوڈ‘ وحید شہزاد پلاسٹک ورکس‘ اسلام آباد سٹیل ملز‘ خواجہ سٹیل ملز‘ اے ایچ سٹیل ملز سمیت دیگر درخواست گزاروں کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ حکومت سول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں چھ چھ ماہ کی اکٹھی رقم مانگ لیتی ہے جس سے صنعتوں اور کارخانہ داروں کو یہ رقم ادا کرنا مشکل ہوجاتا ہے اور بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ اچانک حکومت کا آرڈر آجاتا ہے کہ اتنے ماہ کی رقم جمع کروائیں جس کا فوری طور پر بندوبست نہیں ہوپاتا اور پریشانی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ہائیکورٹ نے بھی حکومت کے حق میں فیصلہ دیا ہے لہذا اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے جس پر عدالت نے درخواستیں سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردئیے اور سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :