بیروت میں ایرانی سفارت خانے کا مشتبہ حملہ آور القاعدہ رہنما گرفتار

جمعرات 2 جنوری 2014 04:11

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جنوری۔2014ء)لبنان کے حکام نے کہا ہے کہ بیروت میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے القاعدہ کے رہنما ماجد الماجد کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔لبنان کے وزیر دفاع فایز غصن نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ماجد الماجد القاعدہ سے منسلک عبداللہ اعظم بریگیڈ کے سعودی عرب کے’امیر‘ ہیں اور وہ اس وقت لبنانی انٹیلی جنس کی حراست میں ہیں۔

لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے ٹی وی چینل المنار نے بھی ماجد الماجد کی گرفتاری کی خبر نشر کی ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ماجد الماجد کو کب اور کہاں سے گرفتار کیاگیا تھا۔ المنار ٹیلی ویڑن کے مطابق القاعدہ کے رہنما کو ’حال‘ ہی میں گرفتار کیا گیا ہے۔بیروت میں ایرانی سفارت خانے پر نومبر 2013 میں ہونے والے حملے میں کلچرل اتاشی سمیت 23 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

عبد اللہ اعظم بریگیڈ کے قریبی سمجھے جانے والے ایک مولوی نے خبر دار کیا ہے کہ جب تک لبنانی ملیشیا شامی فوجی کے ہمراہ باغیوں سے لڑتی رہے گی اس وقت تک لبنان میں حملے ہوتے رہیں گے۔حزب اللہ کے ٹی وی چینل کے مطابق 15 دسمبر کو جنوبی شہر صیدا میں آرمی چیک پوسٹ پر ہونے والے دو حملے دراصل ماجد الماجد کو رہا کرنے کی کوشش تھی۔ چیک پوسٹ پر ہونے والے حملوں میں چار حملہ آور ہلاک ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :