مشرف کی پیشی،فارم ہاؤس کے قریب دو مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا،فارم ہاوٴس کے قریب سے مشکوک پیکٹ برآمد،اندر سے صرف انڈے اور دال برآمد، وزیراعظم کا مشرف کی رہائشگاہ کے قریب دھماکا خیز مواد ملنے کی تحقیقات کا حکم

جمعرات 2 جنوری 2014 03:58

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جنوری۔2014ء) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی خصوصی عدالت میں متوقع پیشی کے موقع پر سابق صدر کے فارم ہاوٴس کے قریب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دو افراد کو حراست میں لیکر ان سے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ مشرف کے فارم ہاوٴس کے قریب ایک مرتبہ پھر مشکوک پیکٹ ملا بھی پولیس نے برآمد کر لیا تاہم روایت کے برعکس اس مرتبہ پولیس صرف انڈے اور دال نکالنے میں کامیاب ہوئی تاہم اس کے مقصد کی تشریح ابھی نہیں کی گئی۔

باخبر ذرائع کے مطابق سابق صدر کے خلاف غداری کیس کی سماعت کے موقع پر ان کے فارم ہاوٴس کی قریب واقع قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ)کے قریب سے دو مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ مشکوک افراد کو اس وقت حراست میں لیا گیا جس وقت عدالتی وقت کے مطابق سابق صدر کو عدالت میں پیشی کے لئے طلب کیا گیا تھا تاہم وہ اس بار بھی سیکورٹی خدشات کے باعث عدالت میں پیشی کے لئے نہیں گئے البتہ مشکوک افراد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لیکر ان سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایک مرتبہ پھر حسب روایت سابق صدر کے فارم ہاوٴس کے قریب سے پولیس ایک مشکوک پارسل برآمد کرنے میں کامیاب تو ہوئی ہے تاہم روایت کے برعکس اس مرتبہ پیکٹ سے کوئی دھماکہ خیز مواد،بم یا اسلحہ برآمد نہیں ہوا بلکہ پولیس کو اس پیکٹ سے کچھ انڈے اور دال ملی ہے جس کا مقصد او ر منطق ابھی تک پولیس کی سمجھ میں بھی نہیں آرہا۔واضح رہے کہ پرویز مشرف کی رہائش گاہ کے قریب سے 24 دسمبر کو 5 کلو گرام بارودی مواد اور 2 پستول جبکہ 30 دسمبر کو اڑھائی کلو گرام بارود کے 5 پیکٹ اور 3 ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے تھے۔

سابق صدر کی متوقع پیشی کے موقع پر وفاقی پولیس کی بھاری نفری اور رینجرز کے جوانوں پر مشتمل خصوصی سیکورٹی حصار بنایا گیا تھا جو روٹ کی شکل میں چک شہزاد فارم ہاوٴس سے لیکر خصوصی عدالت تک سیکورٹی سنبھالے ہوئے تھے۔اس موقع پر پولیس نے سراغ رساں کتوں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے ذریعے روٹ کی کلیئرنس بھی کروائی اور تھانہ شہزاد ٹاوٴن پولیس کے مختلف علاقوں اور بنی گالہ و چک شہزاد میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔

ادھروزیراعظم نواز شریف نے سابق صدر پرویز مشرف کی رہائش گاہ کے قریب دھماکا خیز مواد ملنے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ان واقعات سے متعلق وزارت داخلہ سے بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے پرویز مشرف کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ واضح رہے کہ غداری کیس میں خصوصی عدالت نے سابق صدر کو آج ہر صورت عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے ۔

متعلقہ عنوان :