ابو ظہبی ٹیسٹ ، یونس خان اور مصباح الحق کی شاندار سنچریاں،پاکستان کی میچ پر گرفت مضبوط ہو گئی ،دوسر ے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا پر 123رنز کی برتری حاصل ،یونس خان نے 23ویں جبکہ کپتان مصباح نے 5ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی ،یونس خان نے جاوید میانداد کی سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا

جمعرات 2 جنوری 2014 03:52

ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جنوری۔2014ء)سری لنکا کے خلاف ابو ظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز یونس خان اور کپتان مصباح الحق کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان نے پہلے ٹیسٹ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے ، پاکستان نے 4وکٹوں پر 327 رنز بنالئے اور 123رنز کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ بدھ ک کو پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 46رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو سری لنکا نے ابتدائی سیشن میں ہیں2 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کیخلاف کھیل میں واپسی کی کوشش ہے۔

فاسٹ باؤلرز سرنگا لکمل اور شمندا ارنگا نے 1,1وکٹ حاصل کی ۔ محمد حفیظ11اور اوپنراحمد شہزاد 38رنز بنا کر غیر ذمہ دارانہ شارٹس کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوگئے،جس سے سری لنکا کو پاکستان کی پیش قدمی کو روکنے کا موقع ملا۔

(جاری ہے)

حفیظ نے اچھی شروعات کی اور لکمل کی گیند پر دو سٹریٹ چوکے لگائے لیکن اسی باؤلر کی گیند پر شارٹ کور میں کوشال سلوا کو کیچ دے بیٹھے۔

سلوا وکٹ کیپر بھی ہیں لیکن انہیں اس ٹیسٹ میں اوپنر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے،انہوں نے اپنی بائیں طرف ڈائیوو لگا کر گیند کو زمین سے چند انچز کے فاصلے سے تھام لیا۔شہزاد بھی غلط شارٹ کھیل بیٹھے اور تین چوکے لگانے کے بعد فارورڈ سکوائر لیگ پر دیموتھ کرونا رتنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد دونوں مصباح اور یونس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور پاکستان کو بھاری برتری دلانے کی ذمہ داری ان کے کندھوں پر اٹھائی ،انہوں نے چوتھی وکٹ کیلئے218رنز کی شراکت قائم کر کے میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط کرلی ۔

یونس خان نے شاندار بیٹنگ کی ا ور اپنے کیریئر کی 23ویں سنچری بنا کر جاوید میانداد کی سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا ،یونس خان 136رنز بنا کر پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے ۔ کپتان مصباح الحق نے بھی اپنے کیریئر کی شاندار پانچویں سنچری بنائی وہ 105رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں ان کے ساتھ اسد شفیق بھی 13رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں ۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 327رنز بنائے تھے۔اور اس طرح پاکستان نے سری لنکا کی پہلی اننگز میں 204رنز کے جواب میں 123رنز کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ سری لنکا کی طرف سے ارنگا نے 2 اور لکمل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ پاکستان کے اوپنر خرم منظور میچ کے پہلے روز رن آؤٹ ہوگئے تھے