صومالیہ ، دارالحکومت موغادیشو میں 3 دھماکے، 18 افراد ہلاک، درجنوں زخمی ،دھماکے خودکش حملہ آوروں نے کئے جبکہ ایک بم گاڑی میں رکھا گیاتھا، ۔پو لیس حکا م ،اسلام پسند گروہ الشباب نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

جمعہ 3 جنوری 2014 07:44

موغادیشو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جنوری۔2014ء)صومالیہ کے دارالحکومت میں 3دھماکوں سے 18افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ہوٹل پریکے بعد دیگرے 3 دھماکوں کے نتیجے میں18افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔پو لیس کے مطابق 2دھماکے خودکش حملہ آوروں نے کئے جبکہ ایک بم گاڑی میں رکھا گیاتھا،یہ دھماکے موغادیشو کے ہوائی اڈے کے قریب واقع جزیرہ ہوٹل میں ہوئے جو صومالی سیاستدانوں کا مقبول ٹھکانہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق ان دھماکوں کے بعد سکیورٹی حکام اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔صومالی اسلام پسند گروہ الشباب نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔القاعدہ سے منسلک اس گروہ کے قبضے میں اب بھی ملک کے کئی جنوبی اور مرکزی حصے ہیں اور انہیں دارلحکومت سے باہر تو نکالا گیا مگر اب بھی دارالحکومت پر ان کے حملے ہوتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک مقامی شہری عبداللہ حسینی نے بتایا کہ ’پہلے ہم نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی اور پھر سکیورٹی والوں نے فائرنگ شروع کر دی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ’چند منٹوں کے بعد ایک اور دھماکہ ہوا اور اس کے بعد مزید فائرنگ ہوئی۔‘نائب وزیرِ داخلہ نے بی بی سی صومالی سروس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس دھماکے میں سکیورٹی کے 4اہلکار ہلاک ہوئے جن میں ایک اعلیٰ اہلکار بھی تھا۔پولیس اہلکار محمد ورسیم نے بتایا کہ دوسرا دھماکہ تب ہوا جب سکیورٹی اہلکار پہلے دھماکے سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کر رہے تھے۔