اسرائیل اور فلسطینیوں کو سخت فیصلے کرنے ہوں گے، جان کیری

جمعہ 3 جنوری 2014 07:46

یروشلم (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جنوری۔2014ء ) امریکی وزیر خارجہ جان کیری مشرق وسطی کے اپنے ایک اور دور ے پر جمعرات کو یروشلم پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اسرائیلی وزیراعظم اور فلسطینی صدر سے ملاقاتوں میں اْس ڈھانچے کو آخری شکل دینے کی کوشش کریں گے، جس کی مدد سے امن معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکتا ہے۔مشرقی وسطیٰ امن مذاکرات کے حوالے سے امریکا کا اسرائیل اور فلسطینیوں کے لیے پیغام بالکل واضح ہے اور وہ یہ ہے کہ سخت فیصلے کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

کیری فریقین کے مابین امن معاہدے کے حوالے سے اپنی تجاویز لے کر گئے ہیں۔ وہ پہلے ہی امن مذاکرات کے تناظر میں اشارہ دے چکے ہیں کہ ان کا منصوبہ کافی پیچیدہ ہے اور فریقین کے لیے اسے تسلیم آسان نہیں ہو گا۔اندازوں کے مطابق کیری اسرائیلی وزیراعظم سے یہ کہہ سکتے ہیں کہ وہ 1967ء سے پہلے والی سرحدوں کو کچھ ترامیم کے ساتھ تسلیم کر لیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب فلسطینی صدر کو خوف ہے کہ ان پر اسرائیل کو یہودیوں کے وطن کے طور پر قبول کرنے کے لیے زور ڈالا جا سکتا ہے۔

آج جمعہ کے روز کیری مغربی کنارے بھی جائیں گے، جہاں فلسطینی صدر محمود عباس سے ان کی ملاقات طے ہے۔اس طرح ان فلسطینیوں کا اِس خطے میں دوبارہ آباد ہونے کا حق چھن جائے گا، جو 1948ء میں اسرائیل کے قیام کے بعد ہجرت کر گئے تھے یا بے دخل کر دیے گئے تھے۔ کیری کے بقول فریقین کے مابین اتفاق رائے کی صورت میں ہی امن معاہدے کے معاملے میں پیش رفت ہو سکتی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ کیری اپنے اس دورے کے دوران اپنا منصوبہ نافذ کرنے کی کوشش یا فریقین سے حتمی جواب طلب نہیں کریں گے۔ وہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور فلسطینی صدر محمود عباس سے ہونے والی ملاقاتوں میں اس موضوع پر تبادلہ خیال کریں گے۔اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین ایک طویل عرصے تک تعطل کا شکار رہنے والے امن مذاکرات کا آغاز گزشتہ برس موسم گرما میں ہوا تھا۔

اس موقع پر کہا گیا تھا کہ مشرق وسطیٰ امن معاہدہ نو ماہ کے دوران طے پا جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اب یہ معاملہ اپنے نکتہ عروج پر آ گیا ہے اور معاہدے کا طے ہونا انتہائی ضروری ہو گیا ہے۔فلسطینی حکام اسرائیل کی جانب سے یہودی بستیوں کی تعمیر کے مسئلے پر ناخوش ہیں۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان میری ہیرف کے بقول جان کیری نے اس تنازعے کے تمام پہلووٴں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنا فریم ورک تیار کیا ہے۔ اس میں یروشلم کی سرحدوں، مہاجرین کا مسئلہ، یہودی بستیوں کی تعمیر اور سلامتی کے موضوع پر خاص توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ وزیر خارجہ بننے کے بعد جان کیری کا خطے کا یہ دسواں دورہ ہے۔ اس دوران فریقین کے مذاکرات کاروں کے مابین بات چیت کے تقریباً بیس دور ہو چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :