کراچی، منگھو پیر پولیس مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان کے 2مبینہ کمانڈر ہلاک، اسلحہ ،دستی بم اور جعلی شناختی کارڈ برآمد ، دیگر علاقوں سے 4ٹارگٹ کلرز سمیت 6ملزمان گرفتار ، لانڈھی ریڑی گوٹھ سے 3افراد کی لاشیں بر آ مد ‘تعلق ظہیرہ گروپ سے ہے ، حکا م

جمعہ 3 جنوری 2014 07:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جنوری۔2014ء)کراچی کے علاقے منگھو پیر مبینہ پولیس مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان کے 2مبینہ کمانڈر ہلاک ہوگئے ،رینجرز نے ملزمان سے اسلحہ ،دستی بم اور جعلی شناختی کارڈ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ،شہر کے دیگر علاقوں سے رینجرز نے 4ٹارگٹ کلرز سمیت 6ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میں پیر آباد تھانے کی حدود منگھو پیر کنواری کالونی میں رینجرز کی بھاری نفری نے کالعدم تحریک طالبان کے کاروندوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی تو مذکورہ علاقے میں قائم ایک مکان سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کردی گئی۔

ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی تو مکان میں موجود دومبینہ دہشت گرد مارے گئے۔

(جاری ہے)

رینجرز ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے ٹی ٹی پستولیں، دستی بم اور 6 سے زائد شناختی کارڈ برآمد ہوئے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت اعظم خان محسود اور سعیداللہ کے ناموں سے ہوئی ہیں۔دوسری جانب رینجرز نے شاہ فیصل کالونی، ملیر اور سٹی ریلوے کالونی میں چھاپے مار کر 4 ٹارگٹ کلرز سمیت 6 اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق رینجرز نے خفیہ اطلاع ملنے پر بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شاہ فیصل کالونی کے علاقے گرین ٹاؤن ملیر کے علاقے لیاقت مارکیٹ اور سٹی ریلوے کالونی میں چھاپے مارے، ان کارروائیوں کے دوران 6 اہم ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ان ملزمان میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان بھی شامل ہیں۔

رینجرز نے زیرحراست ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے پوچھ گچھ شروع کردی ہے ادھر کراچی کے علاقے لانڈھی ریڑی گوٹھ سے تین افراد کی لاشیں ملی ہیں ، مقتولین کا تعلق جرائم پیشہ گروپ سے ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میں ابراہیم حیدری تھانے کی حدود میں واقع قریب گراوٴنڈ سے تین افراد کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت حامد امین موٹا،عادل خٹک اور عطا اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں افراد کا تعلق ظہیرہ گروپ سے ہے اور تینوں افراد حال ہی میں قتل ،ڈکیتی اورمنشیات کے الزام میں جیل سے رہا ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں جرائم پیشہ گروپ میں اختلاف کا نتیجہ لگتا ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں افراد کی لاشیں کاغذی کاروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کر دی گئیں۔پولیس کے مطابق واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔