سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف رینٹل پاور کیس کی سماعت 17جنوری تک ملتوی، پرویز اشرف پر مالی کرپشن کے تمام الزامات بے بنیاد ہیں،وکیل فاروق ایچ نائیک،عدالت نے نیب کو مقدمے سے غیر متعلقہ افراد کے نام خارج کرنے اور حتمی چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا

ہفتہ 4 جنوری 2014 07:41

اسلام آبا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جنوری۔2014ء)احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کیس کی سماعت 17جنوری تک ملتوی کردی، جبکہ راجہ پرویز اشرف کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم پر کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ جمعہ کے روز اسلام آباد کی احتساب عدالت میں رینٹل پاور کیس کی سماعت جسٹس محمد بشیر کے رو برو ہو ئی ۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف نوڈیرو پاور پلانٹ کی مشینری منتقل کرنے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام ہے۔ راجہ پرویز اشرف اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔ فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ راجہ پرویز اشرف پر مالی کرپشن کے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت سترہ جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے نیب کو غیر متعلقہ افراد کے نام خارج کرنے اور حتمی چالان پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔