بنگلہ دیش میں عام انتخابات، ووٹنگ کل ہو گی، اپوزیشن جماعتوں کے بائیکاٹ کے بعد وزیراعظم شیخ حسینہ کی کامیابی یقینی، اکثریت نے انتخابات کی مخالف کردی

ہفتہ 4 جنوری 2014 07:31

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جنوری۔2014ء) بنگلہ دیش میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کل اتوار کو ہو گی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد وزیراعظم شیخ حسینہ کی کامیابی یقینی ہے۔ غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق بنگلہ دیش اکتوبر سے سیاسی بحران کی زد میں ہے۔ حالیہ الیکشن کو بنگلہ دیش کی تاریخ کا پرتشدد ترین الیکشن کہا جا رہا ہے۔

انتخابات کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں ایک سو چالیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایک سروے کے مطابق بنگلہ دیش کی نیشنلسٹ پارٹی کے علاوہ بھی ستتر فیصد ووٹرز انتخابات کے خلاف ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے بائیکاٹ کے بعد وزیراعظم شیخ حسینہ کی کامیابی یقینی ہے۔ ادھر پرتشدد مظاہروں کے بعد بھارت نے بنگلہ دیش کی سرحد کے ساتھ سیکورٹی بڑھا دی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ بنگلہ دیشیوں کی اکثریت نے اس ہفتے ہونے والے انتخابات کی مخالفت کردی ہے۔بنگلہ دیش کی بڑی اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی پہلے ہی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرچکی ہے۔ ایک سروے رپورٹ کے مطابق 77 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ مرکزی اپوزیشن جماعت کی اتوار کو ہونے والے انتخابات میں عدم شمولیت ناقابل قبول ہو گی۔صرف 41 فیصد افراد نے ووٹ ڈالنے پر آمادگی ظاہر کی۔ اسی سروے کے مطابق 37 فیصد کا کہنا تھا کہ اگر موقع ملے گا تو وہ بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کو ہی ووٹ دیں گے۔دوسری جانب وزیر اعظم حسینہ واجد نے انتخابات کے التوا کے امکانات کو مسترد کرتے ہوِئے اپوزیشن رہنما خالدہ ضیا پر انتخابات کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کا الزام عاِئد کیا ہے۔