بن غازی سے دو امریکی گرفتار کر لیے گئے،دونوں امریکی کالج کے طالبعلم ، امریکی سفارت خانہ خاموش

ہفتہ 4 جنوری 2014 07:32

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جنوری۔2014ء)لیبیا کے سکیورٹی حکام کے مطابق فورسسز نے دو امریکیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ امریکی شہریوں کو حراست میں لیے جانے کا یہ واقعہ لیبیا کے دوسرے بڑ ے شہر بن غازی میں پیش آیا ہے جو حالیہ عرصے میں شدت کا مرکز بنا ہوا ہے۔لیبیا کے سکیورٹی حکام کے مطابق سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ دونوں امریکی ایک کالج کی باسکٹ بال ٹیم کے رکن ہیں اور بنغازی یونیورسٹی کی الہلال ٹیم کا بھی حصہ ہیں۔

ان امریکی شہریوں کو فورسز نے جمعہ کے روز تعلیمی کیمپس سے گرفتار کیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم سکیورٹی حکام نے اس بارے میں نہ صرف کوئی مزید معلومات شئیر نہیں کی ہیں بلکہ اپنا نام بھی ظاہر نہ کرنے کی شرط عائد کی ہے۔ابھی تک ان دو امریکی شہریوں کے گرفتار کیے جانے کی وجوہات بھی سامنے نہیں آ سکی ہیں۔ حتی کہ دارالحکومت طرابلس میں امریکی سفارت خانہ بھی اس معاملے میں خاموش ہے۔گذشتہ ماہ لیبیا کے شمال مغربی حصے میں لیبیا ئی سکیورٹی اداروں نے چار امریکی فوجیوں کو ایک چیک پوسٹ پر سے حراست میں لیا تھا لیکن بعد ازاں انہیں باعزت انداز میں رہا کر دیا گیا تھا۔ تاہم ابھی تک ان دو امریکیوں کے بارے میں کچھ واضح نہیں ہو پایا ہے۔