اسلام آباد ہائیکورٹ کا سابق چیف جسٹس کو 7دن میں سکیورٹی اور بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنیکا حکم ،افتخار چودھری کو گاڑی نہ ملی تو تمام وی وی آئی پیز سے بلٹ پروف گاڑیاں واپس لے لی جائیں گی‘جسٹس شوکت عزیز صدیقی

ہفتہ 4 جنوری 2014 07:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جنوری۔2014ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمدچودھری کو 9 جنوری تک بلٹ پروف گاڑی اور سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا ہے کہ افتخار چودھری کو گاڑی نہ ملی تو تمام وی وی آئی پیز سے بلٹ پروف گاڑیاں واپس لے لی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سابق چیف جسٹس افتخار محمدچودھری کو سیکورٹی فراہم کرنے بارے درخواست کی سماعت کی ، انہوں نے وزارت داخلہ اور کابینہ ڈویژ ن کو ہدایت کی کہ 9 جنوری تک افتخار محمد چودھری کو سیکورٹی اور بلٹ پروف گاڑی دی جائے، اس حوالے سے کوئی بہانہ نہیں چلے گا، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے آئی جی اسلام آباد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا وہ سابق چیف جسٹس سے کوئی بدلہ لے رہے ہیں، آئی جی پولیس سکندر حیات نے کہا کہ ان کے پاس کوئی گاڑی نہیں، صرف وزیراعظم کی ہدایت پر ہی بلٹ پروف گاڑی دی جاتی ہے، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ کیا افتخار محمد چودھری اب وزیراعظم سے گاڑی کا پوچھنے جائیں گے ، انہیں بلٹ پروف گاڑی نہ ملی تو تمام وی وی آئی پیز سے بلٹ پروف گاڑیاں واپس لے لی جائیں گی۔