پاکستان بزرگوں کی قربانیوں اور قائد اعظم کی محنت کا ثمر ہے،شہباز شریف،نیشنل سیکورٹی بہتر بنا کر ہی ملکی معیشت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے،بلٹ کے زور پر اسلام نافذ کرنے والے ناکام ہوں گے،چین کا بھارت سے 75 بلین ڈالر جبکہ ہمارے ساتھ صرف 7 بلین ڈالر کا بزنس ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کا کیڈٹ کالج میں یوم والدین کی تقریب

اتوار 5 جنوری 2014 07:09

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بزرگوں کی قربانیوں اور قائد اعظم کی محنت کا ثمر ہے۔ نیشنل سیکورٹی بہتر بنا کر ہی ملکی معیشت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔بلٹ کے زور پر ایک برانڈ کا اسلام نافظ کرنے کی کوشش کرنے والے ناکام ہوں گے۔چین کا بھارت سے 75 بلین جبکہ ہمارے ساتھ صرف 7 بلین ڈالر کا بزنس ہے۔

یوتھ اس ملک کا قیمتی سرمایہ ہے جس نے اپنی محنت کے ذریعے اسے اندھیروں سے نکالنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کیڈٹ کالج حسن ابدال میں منعقد یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے دفاع اور بجلی و پانی خواجہ محمد آصف ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل انڈسٹری خرم دستگیر ۔

چیئرمین پی او ایف جنرل احسن محمود ۔وفاقی وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد اور پرنسپل کیڈٹ کالج نجیب طارق بھی موجود تھے۔میاں محمد شہباز شریف نے خطاب میں کہا کہ قیام پاکستان کے وقت میناز پاکستان کے نیچے سب پاکستانی اکھٹے ہوئے تھے اور وہاں کوئی لاسانی یا فرقوں کا نعرہ لگانے والا موجود نہیں تھا ۔آج ملک جن مشکل حالات کا شکار ہے اس میں وہ وقت دوبارہ لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان میں بزرگوں کی قربانیاں اور قائد اعظم کی محنت شامل تھی ۔آج ہم نیوکلیر پاور ہونے کے باوجود معاشی طور پر تباہ حال ہیں جس کی وجہ ملک کے حالات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر قتل و غارت کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔آج چین اور بھارت کے درمیان 75 بلین ڈالر کا بزنس ہو رہا ہے مگر ہم جیسے دوست ملک کے ساتھ اس کی تجارت بمشکل 7 بلین ڈالر ہے ۔

چین اور پاکستان کی دوستی کی مثالیں دنیا میں دی جا تی ہیں مگر ہم اس دوستی سے فائدہ ملکی حالات کی وجہ سے نہیں اٹھا پا رہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے دوستوں کو ماریں گے اور بولٹ کے زور پر ایک برانڈ کا اسلام نافظ کرنے کی کوشش کریں گے تو ملک میں سرمایہ کاری ممکن نہیں ہے۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ کیڈٹ کالج جیسے اداروں سے پڑھنے والے نوجوانوں کو مذید محنت کے ذریعے ملک کو اندھیروں سے نکالنا ہے۔

ہمارے ملک کے نوجوان ہی ہمار ے لیئے امید کی کرن ہیں۔اس موقع پر انہوں نے کیڈٹ کالج حسن ابدال کے لیے سو ملین روپے کا اعلان کیا جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے بھی کالج کے لیے سو ملین کا اعلان کیا گیا۔اس سے قبل خطاب کرتے ہوئے پرنسپل کیڈٹ کالج نجیب طارق نے مہمانوں کا آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کیڈٹ کالج کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔ انہوں نے کالج کے کیڈٹس کی جانب سے تعلیمی اور دیگر میدانوں میں کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کیڈٹ کالج حسن ابدا ل میں طلباء کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس کے بدولت یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس ملک کے مختلف شعبوں میں اہم ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔

اس سے قبل میاں شہباز شریف کا کیڈٹ کالج پہنچنے پر ہیلی پیڈ پر استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ کالج کے کیڈٹس کی جانب سے پریڈ ۔پی ٹی شو اور جمناسٹک ۔گھڑ سواری کا خوبصورت مظاہرہ بھی کیا گیا۔تقریب کے احتتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں میڈل اور ٹرافیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ چمپین ٹرافی اورنگزیب ونگ جبکہ رنر اپ ٹرافی اقبال ونگ کے حصہ میں آئی۔