افغانستان خود کش حملے اور اتحادی فوج کے آپریشن کے دوران ایک فوجی ‘ چارشہری اور پانچ طالبان سمیت گیارہ افراد ہلاک

اتوار 5 جنوری 2014 06:54

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء) افغانستان میں خود کش حملے اور اتحادی فوج کے آپریشن کے دوران ایک نیٹو فوجی سمیت پانچ افراد جبکہ پانچ طالبان ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایا صوبہ ننگرہار میں ایک حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے لدی گاڑی کو کیمپ کے داخلی دروازے سے ٹکرا دیا اور پانچ دوسرے مزاحمت کاروں کو اس وقت گولیاں مار دی گئیں جیسا کہ وہ کیمپ پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

نیٹو انٹرنیشنل سیکورٹی اسسٹنٹس فورس (ایساف) نے ملک کے مشرق میں خودکش حملے میں ایک اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے،تاہم مزید تفصیلات نہیں دیں۔افغان اور مغربی حکام نے بتایا کہ حملہ ضلع شنوار میں ہوا جس کی اہم شاہراہ کابل سے ہمسایہ ملک پاکستان تک جاتی ہے،جہاں بہت سے طالبان مزاحمت کاروں نے پناہ لی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ننگرہار گورنر کے ترجمان احمد ضیاء عبدالزئی نے بتایا کہ تقریباً صبح8بجے ایک خودکش بمبار نے خود کو اڑا دیا اور دوسرے پانچ کو افغان سیکورٹی فورسز نے گولیاں مار کر ہلاک کردیا،ان کی لاشیں جائے وقوعہ پر پڑی ہوئی ہیں۔

میڈیا کیلئے ایک ای میل بیان میں طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ دریں اثناء صوبہ بلخ میں اتحادی فوج کے فضائی حملے میں چار شہری ہلاک ہوگئے تاہم ابھی ہلاک ہونے والوں بارے یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وہ طالبان تھے یا عام شہری تھے۔