اسلام آباد، اہل سنت و الجماعت کے رہنماؤں مفتی منیب معاویہ اور مولانا اسد محمود کی نماز جنازہ جناح ایونیو پر ادا کر دی گئی ،نماز جنازہ کے بعد کارکن پرامن طور پر منتشر ہوگئے، پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے اہل سنت و الجماعت کے سینکڑوں کارکنوں کا دھرنا، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان علامہ محمد احمد لدھیانوی 10 جنوری کو پیغمبر انقلابﷺ کانفرنس میں کریں گے،مولانا مسعود الرحمن عثمانی کا اعلان

اتوار 5 جنوری 2014 06:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء)اہل سنت و الجماعت کے رہنماؤں مفتی منیب معاویہ اور مولانا اسد محمود کی نماز جنازہ ہفتہ کو جناح ایونیو پر ادا کر دی گئی ،نماز جنازہ لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے پڑھائی۔اس موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے اہل سنت و الجماعت کے سینکڑوں کارکنوں کا دھرناجاری رہا جس میں راولپنڈی اسلام آباد کی قیادت نے بھی بھر پور شرکت کی تاہم یہ کارکن نماز جنازہ کے بعد پرامن طور پر منتشر ہوگئے جبکہ اہل سنت والجماعت کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا مسعود الرحمن عثمانی نے کہا ہے کہ حکومت ہمارے قاتلوں کو فوری گرفتار کرے ،ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔

حکمرانوں کو علم ہے کہ اہل سنت کی ٹارگٹ کلنگ میں کون ملوث ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان قائد اہل سنت علامہ محمد احمد لدھیانوی 10 جنوری کو پیغمبر انقلابﷺ کانفرنس میں کریں گے۔جے یو آئی (ف) اور وفاق المدارس کے رہنماؤں نے بھی نمازجنازہ میں شرکت کی ۔ہفتہ کے روز اہل سنت و الجماعت نے گزشتہ شب اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہونے والے ضلعی سیکرٹری جنرل مفتی منیب معاویہ اور مولانا اسد محمود کی میتوں کے ہمراہ لال مسجد سے احتجاجی ریلی نکالی اور بعد ازاں ڈی چوک میں ان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ۔

نماز جنازہ میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا مسعود الرحمن عثمانی ،جے یو آئی کے رہنما مولانا عبد المجید ہزاروی ،مری کے مرکزی رہنما قاری سیف الرحمن،مفتی منیب معاویہ کے سسر مولانا عبدالحامد صابری ، مولانا عبد العزیز،قاضی عبد الرشید سمیت وفاق المدارس ،العربیہ کے رہنماؤں کے اہل سنت الجماعت کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ۔بعدازاں میت کو رکھ کے ڈی چوک پر اہل سنت و الجماعت نے دھرنا دیا ۔

اس موقع پر اہل سنت و الجماعت کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا مسعود الرحمن عثمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہمارے کارکنوں کو فی الفور گرفتار کرے اور ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔ حکمرانوں کو علم ہے کہ ٹارگٹ کلنگ میں کون ملوث ہے ۔اس موقع پر اہل تشیع مسلک کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ اس سانحہ میں ان کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔

مولانا مسعود الرحمن عثمانی نے مزید کہا کہ 10 جنوری کو مرکزی اہل سنت والجماعت کراچی کمپنی میں مسجد عبد اللہ بن مسعود میں پیغمبر انقلابﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا جائیگا ۔آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان بھی مولانا محمد احمد لدھیانوی اسی کانفرنس میں کریں گے۔کچھ دیر احتجاج کے بعد تمام کارکنان پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔مفتی منیب معاویہ اور مولانا اسد محمود کی میتیں آبائی علاقوں میں روانہ کر دی گئیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اہل سنت و الجماعت نے میتوں کے ہمراہ اسلام آباد میں قائم اقوام متحدہ کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا جس پر رات گئے ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد انہیں ڈی چوک پر احتجاج کرنے کی اجازت دی گئی ۔