پرویز مشرف کا راولپنڈی کے فوجی ہسپتال میں پانچواں دن،چہل قدمی کی،پرویز مشرف کے کولیسٹرول‘ بلڈ پریشر اور ای سی جی ٹیسٹوں کے نتائج کو ڈاکٹروں نے تسلی بخش قرار دے دیا،پرویزمشرف پیر کو بھی خصوصی عدالت میں پیش نہیں ہوں گے، احمد رضاقصوری

پیر 6 جنوری 2014 08:38

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جنوری۔ 2014ء) اے ایف آئی سی میں زیر علاج سابق صدر پرویز مشرف کے کولیسٹرول‘ بلڈ شوگر اور ای سی جی ٹیسٹ کئے گئے جنہیں ڈاکٹروں نے تسلی بخش قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو راولپنڈی آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سابق صدر پرویز مشرف کے کولیسٹرول اور بلڈ شوگر ٹیسٹ لئے گئے جس میں ان کا رزلٹ ڈاکٹرز نے تسلی بخش قرار دے دیا جبکہ ڈاکٹرز نے کہا کہ اب مشرف کی حالت پہلے سے بہتر ہورہی ہے اس کے علاوہ سابق صدر کا ہر چھ سے آٹھ گھنٹے کے بعد ای سی جی ٹیسٹ بھی کیا جارہا ہے جوکہ مکمل طور پر نارمل آرہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی حالت بتدریج بہتر ہورہی ہے تاہم کسی کو بھی ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

(جاری ہے)

سابق صدرجنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے اتوار کو راولپنڈی کے فوجی ہسپتال میں پانچواں دن گزارا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر کی طبیعت میں بہتری آئی ہے اور انہوں نے چہل قدمی بھی کی ہے جبکہ دوسری جانب پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ سابق صدر پیر کو بھی خصوصی عدالت میں پیش نہیں ہوں گے، ساری دنیا جانتی ہے کہ وہ بیمار ہیں، ہمیں رپورٹیں مل گئیں تو عدالت میں جمع کرادیں گے ورنہ زبانی انہیں حاضری سے مستثنیٰ کرنے کی درخواست کریں گے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی رپورٹس برطانیہ بھجوائی گئی ہیں ، برطانوی ڈاکٹرز کی رائے آنے پر فیصلہ کیا جائے گا کہ سابق صدر کی انجیو پلاسٹی پاکستان میں کرائی جائے یا پھر بیرون ملک سے۔احمد رضا قصوری نے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہوگی کہ وہ ڈاکٹرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹ اور رپورٹس عدالت میں پیش کرکے بتائیں کہ پرویز مشرف بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے تاہم اگر میڈیکل رپورٹس نہ ملیں تو زبانی استثنیٰ کی درخواست کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ساری دنیا جانتی ہے اور عدالت کو بھی علم ہے کہ پرویز مشرف بیمار ہیں۔،پرویز مشرف کوئی عام آدمی نہیں، انہیں پوری دنیا جانتی ہے، وہ بیمار ہیں اور کل عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔پرویز مشرف کے ایک اور وکیل بیرسٹر محمد سیف نے بتایا کہ مشرف کی حالت مستحکم ہے لیکن ابتدائی طبی رپورٹس تسلی بخش نہیں ہیں ، سکون آور ادویات کے باعث پرویز مشرف غنودگی میں ہیں۔

متعلقہ عنوان :