پی آئی اے ، سٹیل مل اور ریلویز میں روا ں سال مالیاتی مشیر مقرر کر دیئے جائیں گے،حکومت کی آئی ایم ایف کو یقین دھا نی

پیر 6 جنوری 2014 08:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جنوری۔ 2014ء)حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈز آئی ایم ایف کو یقین دلایا ہے کہ مارچ 2014 کے آخر تک پی آئی اے ،پاکستان سٹیل مل اور پاکستان ریلویز میں مالیاتی مشیر مقرر کر دیئے جائیں گے جو ان اداروں کی مالیاتی صورت حال بہتر بنانے کے لئے تنظیم نو کے حوالے سے سفارشات دیں گے اور ان سفارشات کی روشنی میں ان اداروں کی نجکاری کے بارے میں بھی اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔

آئی ایم ایف سے طے معاہدہ میں کہاگیا ہے کہ پی آئی اے کے26 فیصد حصص نجی سرمایہ کاروں کو دینے کا منصوبہ ہے اور یہ کام دسمبر 2014 کے آخرتک مکمل کر لیا جائیگا تاہم اس دوران پی آئی اے کی حالت بہتر بنانے کے لئے لیز پر طیارے حاصل کرنے اور دیگر اقدامات جاری رہیں گے۔ پاکستان سٹیل ملز کے حوالے سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مارچ 2014 کے آخر تک پیشہ وارانہ بورڈ اور مالیاتی مشیروں کی خدمات حاصل کر لی جائیں گی جو جامع تنظیم نو منصوبہ تیار کریں گے اور اس کے بعد کمپنی کی نجکاری پر غور کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

پاکستان ریلوے کے حوالے سے یقین دہانی دلایا گیا ہے کہ یہ ادارہ سازوسامان کی قلت،عملے کی بھر مار اور بھاری قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے ۔مختلف اقدامات کے نتیجے میں اس کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے تاہم ریلوے بورڈ کی تنظیم نو کی جائے گی اور مارچ2014 کے آخر تک جامع تنظیم نو منصوبہ بنایا جائیگا جس کے تحت کاروبار میں اضافہ ،مالیاتی استحکام اور نجی شعبہ کی شراکت سے سروسز کی بہتری پر توجہ دی جائے گی ۔