سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام قومی امن کنونشن کا پیٹریاٹ الائنس کے قیام کا اعلان ،حکومت محب وطن و غدار وطن میں فرق کرے، فیصلہ کرے وہ کس کے ساتھ ہے، طالبان سے مذاکرات کی بجائے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کیا جائے، ملک بنایا تھا اسے بچائینگے ، دہشتگردوں سے پاک کرینگے، کراچی میں 12 جنوری کو بڑا جلسہ منعقد کرینگے، موجودہ وفاقی و پنجاب حکومت کیخلاف جلد اسلام آباد میں کفن پوش احتجاج کرینگے ،عید میلا د النبی شایان شان طریقے سے منایا جائیگا ،علامہ راجا ناصر عباس،صاحبزادہ حامد رضا کا کنونشن سے خطاب ،پوری دنیا و دہشت گرد پاک فوج کے دشمن ہیں، مجھے ملک سے محبت کی سزا دی جارہی ہے، ، سیاستدان صرف ووٹوں کی خاطر عوام کے پاس آتے ہیں، اقتدار میں آتے ہی قوم کو بھول جاتے ہیں، سینیٹر فیصل رضا عابدی

پیر 6 جنوری 2014 08:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جنوری۔ 2014ء) سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام قومی امن کنونشن نے پیٹریاٹ الائنس کا اعلان کرتے ہوئے علامہ راجا ناصر عباس اورصاحبزادہ حامد رضا نے مطالبہ کیاہے کہ حکومت محب وطن و غدار وطن میں فرق کرے، فیصلہ کرے وہ کس کے ساتھ ہے، طالبان سے مذاکرات کی بجائے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کیا جائے، طالبان موجودہ دور کے یزید ہیں، حکمران یزیدیت کے آلہ کار بننے سے رکیں، اگر دہشت گردوں سے مذاکرات کئے گئے تو ملک تمام شاہراہوں و گلیوں میں دھرنا دیکر بیٹھ جائینگے، ملک بنایا تھا اسے بچائینگے ، دہشتگردوں سے پاک کرینگے، حکمران ہمیں اپنے مقاصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے، کراچی میں 12 جنوری کو بڑا جلسہ منعقد کرینگے، موجودہ وفاقی و پنجاب حکومت کیخلاف جلد اسلام آباد میں کفن پوش احتجاج کرینگے ،عید میلا د النبی شایان شان طریقے سے منایا جائیگا ، اصل اہل سنت والجماعت اور اہل تشیع کے نمائندہ ہم ہیں جبکہ سینیٹر فیصل رضا عابدی نے کہاہے کہ پوری دنیا و دہشت گرد پاک فوج کے دشمن ہیں، مجھے ملک سے محبت کی سزا دی جارہی ہے، کل تک لوگوں کی تقدیروں کے فیصلے کرنے والے آج سیکورٹی کا متلاشی ہے، سیاستدان صرف ووٹوں کی خاطر عوام کے پاس آتے ہیں، اقتدار میں آتے ہی قوم کو بھول جاتے ہیں،کنونشن سے مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی، سنی اتحاد کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب ، آل ہندو الائنس موومنٹ کے چیئرمین ہارون سربدیال،سکھ کمیونٹی کے سردار چرت جیت سنگھ ، شیخ صلاح الدین، پیر عتیق الرحمن اور سعدیہ رائے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اتوار کے روز اسلام آباد میں سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام قومی امن کنونشن حکومتی اجازت نہ ملنے کے باعث پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ڈی چوک میں کیاگیا۔ کنونشن میں سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت مسلمین ،وائس آف شہداء، مسیحی، سکھ اور ہندو برادری کے رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ دہشت گردی کا شکار ہونیوالے خاندانوں کو بھی کنونشن میں مدعو کیاگیا تھا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں طالبان کا نمائندہ قرار دیا اور کہاکہ انتہائی افسوس ہے کہ شہداء کے لواحقین کو سربازار چھوڑ دیاگیاہے اور انہیں کنونشن کا انعقاد نہیں کرنے دیاگیا انہوں نے کہاکہ طالبان کے ہمدرد سن لیں کہ عنقریب اس ملک کو طالبانائزیشن سے نجات دلائینگے۔

انہوں نے کہاکہ طالبان کے حامیوں اور طالبان نے اس ملک کو توڑنے کی کوشش ہے مگر ہم اس ملک کو بچائینگے اور جلد اسلام آباد میں عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائیگا اور کفن پوش احتجاج ہوگا انہوں نے اس موقع پر12جنوری کو کراچی میں جلسہ عام کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اگر وفاقی حکومت روک سکتی ہے تو پھر اس جلسہ کوروک کر دکھائے وہ قوم کا نمائندہ اجتماع ہوگا۔

اس موقع پر انہوں نے مزید کہاکہ حکومت طالبان سے مذاکرات سے باز رہے اگر دہشتگردوں سے مذاکرات کئے گئے تو ملک کی تمام شاہراہوں اور گلیوں میں دھرنا و احتجاج کرینگے کالعدم جماعتوں سے کسی صورت حکومت کے مذاکرات کو تسلیم نہیں کرینگے۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے کہاکہ حکمرانوں کی سوچ واضح ہوچکی ہے لیکن ہم سختیوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں انہوں نے کہاکہ مظلوم قوم کیلئے طاقت ور فو رم جلد تشکیل دینگے انہوں نے کہاکہ جن کے اسلاف نے ملک بنایا تھا ان کی نسلیں آج یہاں موجود ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں حسینیوں کی اکثریت اور یزیدیت اقلیت میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ امسال عید میلا النبی شایان شان طریقے سے منایا جائیگا اور سب سے بڑا میلاد کا اجتماع گلگت بلتستان میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نفرتیں ختم کرنے اور محبتیں بانٹنے والے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طالبان سے مذاکرات کرنیوالے یاد رکھیں کہ طالبان بے وفاؤں کی نسل، اسلام ، انسانیت ، وطن دشمن اور وقت کے یزیدی ہیں جن سے مذاکرات کی شرعی، آئینی و قانونی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام بزدلی کو تسلیم نہیں کرتے بتایا جائے کہ گلے کاٹنے ، بے گناہوں کو شہید کرنے ، امام بارگاہوں و مساجد کو مسمار کرنے، بچیوں کی تعلیم پر قدغن لگانا کونسا اسلام ہے۔ انہوں نے کہاکہ ابھی نکتہ آغاز ہے ہم امریکی و نجدیوں کا اثرو نفوذ برداشت نہیں کرینگے۔ اس موقع پر انہوں نے پیٹریاٹ الائنس بھی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ یہ مظلوم قوم کا پلیٹ فارم ہوگا۔

وائس آف شہداء کے پلیٹ فارم کی نمائندگی کرنے والے سینیٹر فیصل رضا عابدی نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہادت ہماری میراث ہے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں انہوں نے وفاقی حکومت پر الزام عائد کیا کہ سعودی وزیر خارجہ کی آمد کی وجہ سے ہمیں امن کنونشن کا انعقاد نہیں کرنے دیاگیا لیکن حکومت یاد رکھے کہ اس ملک میں طالبانائزیشن کو شکست ہوگی اب شہداء کا لہو بول رہاہے۔

انہوں نے کہاکہ موجود ہ اسمبلیوں میں یزیدیت کے نمائندے بیٹھے ہیں جو طالبان سے مذاکرات کی بات کررہے ہیں طالبان وطن، فوج، انسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں انہوں نے کہاکہ پوری دنیا پاکستان کی دشمن بن چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مجھے ملک سے محبت کی سزا دی جارہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں سابق چیف جسٹس کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کل تک لوگوں کی تقدیروں کے فیصلے کرنے والا آج سیکورٹی کا متلاشی ہے جبکہ سیاستدان صرف ووٹوں کی خاطر عوام کے پاس آتے ہیں، اقتدار میں آتے ہی قوم کو بھول جاتے ہیں۔

علامہ امین شہیدی نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا مقصد تمام مذاہب و مسالک میں ہم آہنگی و محبت پیدا کرنا تھا مگر افسوس ہمیں کنونشن نہ کرنے دیاگیا انہوں نے کہاکہ بے گناہ انسانوں کو نشانہ بنانیوالو ں کا اسلام سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ عنقریب تفرقہ پرستوں، انتہاء پسندوں، دہشت گردوں اور شدت پسندوں کیخلاف بڑا اتحاد قائم کرینگے۔

سنی اتحاد کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محمود نے کہاکہ اب فیصلہ ہوچکاہے کہ ایک طرف محب وطن ہیں اور دوسری طرف پاکستان توڑنیوالے ہیں، حکومت فیصلہ کرے وہ کس کے ساتھ ہے۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی نے کہاکہ آج اس کنونشن میں اصل اہل سنت والجماعت اور اہل تشیع کی موجود ہیں اور ہم ہی ان کی نمائندہ جماعت ہیں۔