سعودی طیارے کی مدینہ منورہ میں ہنگامی لینڈنگ، 29 مسافر زخمی

پیر 6 جنوری 2014 08:35

مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جنوری۔ 2014ء)سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی کے ایک مسافر طیارے نے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ہوائی اڈے اتوار کو ہنگامی لینڈنگ کی ہے جس کے نتیجے میں انتیس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔سعودی ائیرلائنز کا بوئنگ 767 طیارہ ایران کے دوسرے بڑے شہر مشہد سے آرہا تھا اور اس میں دوران پرواز فنی خرابی پیدا ہوگئی۔

اس طیارے کو ہنگامی طور پر پہیّوں کے بغیر اتارنے کے لیے ہوائی اڈے کو اندرون اور بیرون ملک سے آنے والی تمام پروازوں کے لیے بند کردیا گیا۔اس طیارے میں تین سو پندرہ مسافر سوار تھے۔اس کے ہوائی اڈے کے رن وے پر اترنے کے فوری بعد ایک امدادی ٹیم ،ایمبولینس اور آگ بجھانے والے عملے کو طلب کر لیا گیا۔پہیّوں کے بغیر ہنگامی لینڈنگ کی وجہ سے طیارے کے پچھلے حصے کونقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان عبداللہ الخیبری نے العربیہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حادثے میں انتیس مسافر زخمی ہوئے ہیں اور ان میں سے گیارہ کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔اٹھارہ مسافروں کو معمولی زخم آئے تھے اور ان کا ہوائی اڈے کے کلینک پر ہی علاج کیا گیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ پائیلٹ نے مدینہ ائیر پورٹ کے ائیر ٹریفک کنٹرول ٹاور کو طیارے کے پچھلے پہیوں میں فنی خرابی کی اطلاع دی تھی اوراس نشاندہی کے بعد طیارے کی دائیں جانب لینڈنگ قریباً ناممکن ہوگئی تھی جس پر حکام نے طیارے کو ہنگامی طور پر اتارنے کے لیے تیاری شروع کردی تھی۔

متعلقہ عنوان :