سعودی عرب:آسمان سے انسانی اعضاء زمین پر آ گرے،جدہ میں طیارے کے پہیوں والے حصے میں پھنسے شخص کی لاش گرگئی

پیر 6 جنوری 2014 08:36

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جنوری۔ 2014ء)سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں آسمان سے انسانی زمین پرآ گرے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اعضاء ممکنہ طور پر کسی طیارے کے پہیّوں والے حصے میں چھپے ہوئے شخص کے ہوسکتے ہیں جو دوران پرواز جہان فانی سے کوچ کرگیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جدہ پولیس کے ترجمان نواف بن نصر البوق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ''پولیس کو رات اڑھائی بجے ایک فون کال موصول ہوئی تھی اور ایک عینی شاہد نے مشرفہ کے علاقے میں ایک چوراہے میں انسانی اعضاء گرنے کی اطلاع دی تھی''۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیق سے یہ انسانی اعضاء ایک طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چھپے ہوئے شخص کے ہوسکتے ہیں جو پرواز بلند ہونے کے ساتھ منجمد کردینے والی سردی سے مر گیا اور پھر زمین پر آرہا۔

(جاری ہے)

پولیس اس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔ابھی یہ تفصیل سامنے نہیں آئی ہے کہ یہ شخص کہاں سے آرہا تھا اور کس طیارے میں چھپا تھا۔جدہ میں انسانی اعضاء گرنے کے اس واقعے کی اطلاع منظرعام پر آنے سے قبل مدینہ منورہ میں سعودی ائیرلائنز کے ایک مسافر طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی تھی جس کے نتیجے میں انتیس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

اس طیارے کے پچھلے پہیّوں میں فنی خرابی پیدا ہوگئی تھی جس کی وجہ سے اس کو ہنگامی طور پر اتارنا پڑا اور اس طرح یہ طیارہ کسی بڑے حادثے کا شکار ہونے سے بچ گیا ہے۔واضح رہے کہ بیرون ملک روزگار کی تلاش میں جانے کے خواہاں افراد اپنی جان کو خطرے میں ڈالتے ہوئے ناقص سکیورٹی اور مانیٹرنگ کے حامل ہوائی اڈوں سے طیاروں کے لینڈنگ گیئر والے حصے میں چھپ جاتے ہیں۔ایسے افراد طیارے کے فضا میں انتہائی بلند پر پہنچنے کے بعد منجمد کردینے والی سردی میں ہمیشہ کے لیے اس جہانی فانی سے ہی کوچ کرجاتے ہیں۔تاہم بعض افراد زندہ بچ رہنے میں بھی کامیاب ہوجاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :